اردن نے شہریوں کی حراست پر اسرائیل سے اپنا سفیر بلا لیا

اردن نے جواباً غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے پر اسرائیلی شخص کو حراست میں لے لیا

اسرائیل نے 32 سالہ ہبہ اللبدی اور 29 سالہ عبدالرحمن مرعی کو دو ماہ سے حراست میں لے رکھا ہے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

KARACHI:
اردن نے اپنے 2 شہریوں کی تل ابیب میں غیر قانونی حراست پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اردن کے دو شہریوں کو بلاجواز کئی ماہ سے حراست میں لے رکھا ہے اور نہ تو گرفتار شدگان کا جرم بتایا جا رہا ہے اور نہ ہی سفارتی عملے کو ملنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا مزید کہنا تھا کہ زیر حراست اردن شہریوں میں 32 سالہ ہبہ اللبدی اور 29 سالہ عبدالرحمن مرعی شامل ہیں جو انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن ہیں اور دونوں کی دوران حراست طبیعت بگڑ گئی ہے جس پر پہلے ردعمل میں اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلالیا ہے اور دیگر اقدامات بھی زیر غور ہیں۔


دوسری جانب اردن کے وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان قدہ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ اردن نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے ایک اسرائیلی شہری کو گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیشی عمل جاری ہے تاہم اسرائیلی شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ادھر اسرائیلی شخص کی اردن میں حراست پر پارلیمنٹ کی وزارت خارجہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اردن کو اسرائیلی قیدی کی رہائی کے بدلے میں اپنے دو قیدیوں کو مانگ لے۔ سیاسی اور خارجہ پالیسی کے تحت یہ مشکل ہے لیکن اس پر بات ہوسکتی ہے۔

زیر حراست ہبہ اللبدی کو 35 دن سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے جب کہ اسرائیل میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے ہبہ اللبدی اور ان کے ساتھی عبدالرحمن کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا ہے اور رہائی کے لیے جگہ جگہ مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story