یہودیوں کا مسجد اقصیٰ پر حملہ فلسطینیوں سے جھڑپیں متعدد زخمی

صہیونی فوج کی مدد سے یہودی مسجد میں گھس آئے جس پر فلسطینی شہری مشتعل ہوگئے

اسرائیل اور مصر نے غزہ کی پٹی کی سرحدیں سیل کردیں، فلسطینی شہری محصور ہوکر رہ گئے۔ فوٹو : رائٹرز/فائل

یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی مدد سے مسجد اقصیٰ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مسجد میں فلسطینی مشتعل ہوگئے، یہودی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی ٹی وی کے مطابق حملے کے بعد یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور ناپاک جسارت کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پرچم لہرادیا۔ منگل کو سیکڑوں آبادکاروں نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں فلسطینیوں کے ایک کیمپ میں بھی حملہ کیا اور ان کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی، یہودی آبادکاروں کی کارروائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی سرحدیں سیل کر دیں جس سے معاشی پابندیوں کا شکار غزہ میں عیدالاضحیٰ کی خوشیاں ماند پڑ گئیں۔




اسرائیل اور مصر کی جانب سے فلسطین کے گنجان آباد علاقے غزہ کی پٹی کی سرحدیں سیل کیے جانے کے بعد محصور شہر کے باسیوں کو ایک بار پھر سخت معاشی بحران سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کی واحد بین الاقوامی گزر گاہ رفاہ کی بندش کے بعد مصر سے متصل سرحد پر زیر زمین کھودی گئی سرنگیں بھی دوبارہ فعال ہونے لگی ہیں اور مفلوک الحال شہری ان سرنگوں کے راستے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ضروری اشیاء سرحد پار سے اسمگل کرنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غزہ کے شہری اس زبوں حالی کی کیفیت میں عیدالاضحی منا رہے ہیں۔ معاشی بحران، سرحدوں کی بندش اور مہنگائی نے غزہ کے مکینوں کی عید کی خوشیاں دو بھر کر دی ہیں۔
Load Next Story