پرویز مشرف جانے کے لئے ہی واپس آئے ہیںیوسف رضا گیلانی

جنرل کیانی کے اعلان سے قبل وزیر اعظم کو خود ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردینا چاہیئے تھا،سابق وزیر اعظم

ملکی مفاد کے پیش نظر طالبان سے مذاکرات میں سنجیدگی اختیار کرنی چاہئے، یوسف رضا گیلانی فوٹو: ایکسپریس

لاہور:
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف واپس جانے کے لئے ہی ملک میں آئے ہیں۔

ملتان میں نمازعید کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک جن بحرانوں کا شکار ہے اس پر قابو پانے کے لئے ملکی مفاد کے پیش نظر طالبان سے مذاکرات میں سنجیدگی اختیار کرنی چاہئے، شدت پسند گروپ المنصور اور البدر نے ان کے مغوی بیٹے علی حیدر کی بازیابی مالاکنڈ آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے طالبان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جسے پورا کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔


سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کا تقرر آئین کے مطابق ہونا چاہئیے اور آئین کے تحت پاک فوج کے سربراہ کی تقرری وزیر اعظم کا اختیار ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ جنرل کیانی کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے قبل وزیر اعظم کو خود ان کی ریٹائرمنٹ اور نئے آرمی چیف کا اعلان کردینا چاہیئے تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی سیاست کی ہے، مسلم لیگ (ن) نے انتخابات سے پہلے عوام سے جتنے وعدے کئے ان کی تکمیل نہ ہونے پر عوام کو جھٹکے لگ رہے ہیں جس سے واضح ہو گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس مسائل کا حل ہی موجود نہیں۔ اسی وجہ سے عوام نے انہیں ضمنی انتخابات میں ہی مسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن سے قبل اس کے بارے میں کئے گئے اعلان سے دہشتگرد شہر چھوڑ کر بھاگ گئے تاہم شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہنا چاہیئے۔
Load Next Story