بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی آج 65 برس کی ہوگئیں

ڈریم گرل کی یادگار فلموں میں انداز، لال پتھر، سیتا اور گیتا، شعلے، راجہ رانی، ستے پہ ستہ، ویر زارا اور باغبان شامل ہیں

ہیما مالنی نے 1968 میں فلم ’’سپنوں کے سوداگر‘‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا جو آج تک جاری ہے، فوٹو: وکی پیڈیا

اپنی دلفریب اداؤں اور من موہنی شخصیت کے باعث بالی وڈ میں ڈریم گرل کے نام سے مشہور اداکارہ ہیما مالنی آج 65 برس کی ہوگئیں۔


1948 کو آج ہی کے دن ایک تامل گھرانے میں پیدا ہونے والی ہیما مالنی نے اپنی ابتدائی تعلیم چنئی میں حاصل کی لیکن تدریس کے میدان میں ان کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر تھی، کلاسیکل رقص میں مہارت رکھنے والی ہیما مالنی نے 1968 میں فلم ''سپنوں کے سوداگر'' سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا جو آج تک جاری ہے، اس کے علاوہ وہ کئی فلموں کی ہدایت کاری بھی دے چکی ہیں۔ ان کی یادگار فلموں میں جونی میرا نام، انداز، لال پتھر، سیتا اور گیتا، سنیاسی، شعلے، تم حسین میں جواں، راجہ رانی، پتھر اور پائل، جگنو، خوشبو، ستے پہ ستہ، ویر زارا اور باغبان شامل ہیں ، اپنی لاجواب اداکاری کے باعث انہیں کئی فلمی ایوارڈز کے علاوہ حکومتی اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

بھارتی فلم نگری کی یادگار فلم ''شعلے '' کی عکسبندی کے دوران ان کے مدمقابل ہیرو دھرمیندر سے شروع ہونے والی معاشقے کے بعد وہ 1980 میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں، ان کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں، ایشا نے بھی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں تاہم شادی کے بعد اب وہ مکمل طور پر فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کرچکی ہیں جبکہ دوسری بیٹی آہنا دیول معروف بھارتی ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی سے ہدایتکاری کے اسرار و رموز سیکھ رہی ہیں۔
Load Next Story