بھارت کیساتھ ویزا معاملات کو حتمی شکل دیدی رحمن ملک

دونوں ریاستیں مشترکہ دشمن کو شناخت کریں جو دونوں ملکوں کے مابین دوستی نہیں چاہتا۔

دونوں ریاستیں مشترکہ دشمن کو شناخت کریں جو دونوں ملکوں کے مابین دوستی نہیں چاہتا۔ فوٹو: اے ایف پی

وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کیساتھ ویزا کے معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے اور توقع ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ کے ستمبر میں دورہ پاکستان کے دوران اس حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔


جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور بعض معاملات میں ہم نے اپنے قریبی ہمسایہ سے بہتر تعلقات کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے صدر زرداری اور منموہن ملاقات کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک اپنے تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے مشترکہ دشمن کو شناخت کریں جو دونوں ملکوں کے مابین دوستی نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حافظ سعید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف الزمات سنی سنائی ہیں اگر بھارت کے پاس کچھ ثبوت ہیں تو پیش کرے۔ ابو جندال کے متعلق ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سٹنگ آپریشن کا حصہ تھا اور اس طرح کے معاملات کو دہشت گردی کیخلاف دونوں ممالک کے ٹھوس عزم کی بنیاد پر حل کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے ایران کے وزیر داخلہ مصطفیٰ محمد نجار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بارڈر مینجمنٹ، علاقائی صورتحال، ڈرگ کنٹرول اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story