آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری مصباح الحق ساتویں پوزیشن پر آگئے

نئی ٹیسٹ رینکنگ میں جونبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ پاکستان کے یونس خان چھٹے نمبر پر ہیں۔

بولنغ کیٹیگری میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور پاکستان کے اسپنر سعید اجمل چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے 5 درجہ ترقی کرکے اپنے کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ یونس خان چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ جنوبی افریقہ ہی کے اے بی ڈیویلرز نے بھی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 3 درجہ ترقی کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، رینکنگ چارٹ میں ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال تیسرے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا چوتھے، آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک پانچویں، بھارت کے پجارا آٹھویں، انگلینڈ کے آئن بیل نویں اور انگلینڈ کے ہی کپتان الیسٹر کک دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


بولنگ کیٹیگری میں پہلی دس پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور پچھلی جاری کی گئی رینکنگ کی طرح جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلی، جنوبی افریقہ کے ہی ورنون فلینڈر دوسری، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ تیسری، پاکستان کے جادوگر اسپنر چوتھی، آسٹریلیا کے ریان ہیرس پانچویں، انگلینڈ کے گریم سوان اور آسٹریلیا کے پیٹر سڈل چھٹی، بھارت کے اشون آٹھویں، انگلینڈ کے جیمز انڈرسن نویں اور انگلینڈ ہی کے اسٹورٹ براڈ دسویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بھی پاکستان دنیا کی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ہرانے کے بعد 2 درجہ ترقی کرکے چھٹی سے چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے تاہم اس کا باقاعدہ اعلان پاک افریقہ سیریز کے بعد کیا جائے گا۔
Load Next Story