کرکٹ میں واپسی کیلئے ڈومیسٹک میچز کھیلنے کی اجازت دی جائے محمد عامر کی آئی سی سی سے التجا
اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) سے درخواست کی ہے کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ 5 سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ اپنے کیریئر کا آغاز کر سکیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2010 میں جو کچھ کیا وہ بہت ہی برا اور غلط تھا اور انہوں نے اس کی قیمت بھی انہیں ادا کی ہے، میں اپنی ساکھ کھو چکا ہوں جب کہ میں نے اپنے ملک اور خاندان کو بھی دکھ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو زندگی میں دوسرا موقع ملتا ہے، میں التجا کرتا ہوں کہ آئی سی سی بھی مجھے ایک موقع ضرور دے کیونکہ میں نے اپنی غلطی سے سبق سیکھ لیا ہے اور اب دوبارہ اپنے کیریئر کا آغاز کرکے اپنی بہت بڑی غلطی کا مداوا کرنا چاہتا ہوں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بورڈ آئی آئی سی کو رضامند کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ محمد عامر کو کلب یا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ پابندی ختم ہونے کے بعد اپنا انٹرنیشنل کیریئر دوبارہ شروع کر سکیں۔ واضح رہے کہ محمد عامر 2010 میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ ميں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے دوران سپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہونے پر 5 سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، محمد عامر پابندی ختم ہونے کے بعد 3 ستمبر 2015 کو پاکستانی کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں۔