ڈاکوؤں نے مویشیوں کے تاجروں سے ایک کروڑ40لاکھ روپے چھین لیے

تاجر کراچی میں جانوروں کی فروخت کے بعد واپس سیہون جا رہے تھے، انڈس ہائی وے 8مسلح افراد نے وین کو روک لیا

پولیس نے تاجروں کو کئی گھنٹے تھانے میں تفتیش کے لیے بٹھائے رکھا۔فوٹو: فائل

قربانی کے جانوروں کی فروخت کے بعد واپس جانیوالے مویشیوں کے تاجروں سے لوٹ مار، مجموعی طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ روپے چھین لیے گئے۔

لٹنے والوں میں مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی شامل ہیں جبکہ دیگر وارداتوں میں کئی شہریوں سے نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیہون شہر کے رہائشی ساجن رند، کرم خان جتوئی، یار محمد بروہی، رانی رند سمیت 6 تاجر کراچی کی منڈی سے قربانی کے جانور فروخت کرنے کے بعد وین میں واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے، سن کے قریب انڈس ہائی وے پر وین کو2 کاروں میں سوار 8 افراد نے گھیرے میں لیتے ہوئے تمام تاجروں کو یرغمال بنا لیا اوران سے ایک کروڑ 40 لاکھ کے قریب نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔




واقعے کی اطلاع سن تھانے میں دی گئی ، پولیس نے تاجروں کو کئی گھنٹے تھانے میں تفتیش کے لیے بٹھا لیا اور 3 گھنٹے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ مسلم لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جامشورو میں ان کے کارکنان کو لوٹ لیا گیا، پولیس ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں عید کے دنوں میں خان پور روڈ سے افتخار احمد سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور5 ہزار روپے جبکہ سندھیالاجی کے سامنے نصیر بروہی سے بھی موٹر سائیکل چھین لی گئی۔ کوٹری سائٹ سے چاول گودام کے قریب سے گورام کھوسو اور یار محمد کھوسو سے3 مسلح افراد ڈیڑھ لاکھ روپے ، بھٹائی کالونی میں رحمت کبورو سے 8 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
Load Next Story