’’ایشین اسٹائل‘‘ پچ پر بیٹسمینوں سے بہتر کارکردگی کی امیدیں

 کینگروزسے دوسرا ٹی20آج ہوگا،سڈنی میں بارش نے گرین شرٹس کوہارسے بچانے کے ساتھ نمبرون پوزیشن کھونے کا خطرہ بھی ٹال دیا

بارش کا امکان نہیں، مہمان ٹیم کو فخرزمان کی ناقص فارم پر تشویش، فنچ کے ہاتھوں پٹائی سے عرفان کے حوصلے پست۔ فوٹو: فائل

''ایشین اسٹائل'' پچ پر پاکستان نے بیٹسمینوں سے بہتر کارکردگی کی امیدیں باندھ لیں، کینگروزسے دوسرا ٹوئنٹی20 آج کینبرا کے مانوکا اوول میں کھیلا جائے گا۔

اتوار کے روز سڈنی میں بارش کے سبب آسٹریلیا یقینی فتح سے محروم رہ گیا تھا، بے نتیجہ میچ نے پاکستان کے سر سے رینکنگ میں پہلی پوزیشن کھونے کا خطرہ بھی ٹال دیا، اب میزبان ٹیم بقیہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز جیت کر بھی نمبر ون نہیں بن سکے گی۔

12 ہزار شائقین کی گنجائش کا حامل مانوکا اوول کینبرا پہلی بار کسی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا، یہاں آسٹریلیا کی سب سے زیادہ فلیٹ پچ موجود اورمنگل کو بڑا اسکور بننے کی توقع ہے، ایک سے زائد ون ڈے کی میزبانی کرنے والے کسی آسٹریلوی وینیو کے مقابلے میں یہاں سب سے زیادہ رن ریٹ کا ریکارڈ ہے، کینگروز کے لیے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست بابر اعظم پر قابو پانا آسان نہ ہو گا۔

انھوں نے اتوار کو پہلے میچ میں ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 59 رنز اسکور کیے تھے، وہ اب تک مختصر طرز میں 51.88 کی اوسط سے 1349 رنز بنا چکے ہیں، آسٹریلیاکیخلاف بابر کا بیٹ خوب رنز اگلتا ہے، اب تک چار باہمی میچز میں وہ تین نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، البتہ ساتھی اوپنر فخرزمان کی فارم باعث تشویش ہے۔


آسٹریلیا کیخلاف 8 جولائی 2018کو ہرارے میں 91کی اننگز کے بعد آخری 11 میچز میں انھوں نے محض9.8 کی اوسط سے108رنز ہی بنائے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کے صبر کا پیمانہ کب لبریز ہوگا، حارث سہیل، آصف علی اور عماد وسیم گذشتہ میچ میں جلدی آؤٹ ہو گئے تھے ان پر اب بہتر کھیل پیش کرنے کیلیے دباؤ موجود ہوگا، محمد رضوان کو اپنا اسٹرائیک ریٹ بڑھانے کی ضرورت ہے، بیٹسمینوں کو مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن کے ابتدائی وار اعتماد سے جھیلنا ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کیلیے مضبوط ترین آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر قابو پانا سخت چیلنج ہے، سڈنی میں جیتی بازی ہاتھ سے نکلنے اور میچ ریفری کی جانب سے وقفہ کم نہ کرنے کی وجہ سے کینگروز خاصے ناراض ہیں، وہ اپنا غصہ گرین شرٹس پر نکالنے کی کوشش کریں گے، ڈیوڈ وارنر کو گوکہ پہلے میچ میں صرف4ہی گیندیں کھیلنے کا موقع ملا مگر وہ آخری چار ٹی 20میچز میں بغیر آؤٹ ہوئے219 رنزبناچکے ہیں۔

ایرون فنچ نے سڈنی میں صرف 16 گیندوں پر37رنز بنا دیے تھے، وہ بھی بڑا خطرہ ثابت ہوں گے، اسٹیون اسمتھ اور بین میکڈرمٹ سمیت دیگر بیٹسمین بھی ہاتھ کھولنے کیلیے تیار بیٹھے ہیں، پہلے میچ میں ایک ہی اوور میں فنچ کے ہاتھوں 26رنز کی پٹائی نے محمد عرفان کا حوصلہ پست کردیا، بولنگ کوچ وقار یونس ان کو تسلیاں دیتے رہے تھے، ٹیم مینجمنٹ پیسر کو ایک اور موقع دینے کا سوچ رہی ہے، البتہ حتمی فیصلہ منگل کی صبح ہی ہوگا۔

محمد عامر اور وہاب ریاض کو بھی لائن اور لینتھ برقرار رکھتے ہوئے حریف بیٹسمینوں کو جارحانہ شاٹس کھیلنے سے روکنا ہوگا، اسپن میں شاداب خان اور عماد وسیم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ منگل کو کینبرا میں بارش کا امکان نہیں یوں شائقین مکمل میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
Load Next Story