نیا سنگ میل سروے شپ ’’بحر مساح‘‘ کی بحریہ میں شمولیت

چین میں تیار کیے گئے جدید سروے شپ کی کمیشننگ کی تقریب نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی

’’بحر مساح‘‘ کی شمولیت ہائیڈروگرافی اور میرین سائنسز میں اہم پیشرفت ہے، ایڈمرل ظفر عباسی

جدید ترین سروے شپ ''بحر مساح'' کی پر وقارکمیشننگ تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔

سروے بحری جہاز بحر مساح پاک بحریہ کیلیے چین میں تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے ملک کی بحری سرحدوں اور سمندری تجارتی راہداریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ''بحر مساح'' کی پاک بحریہ میں شمولیت جدید ہائیڈروگرافی اور میرین سائنسزکے شعبوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔


پاک چین شراکت داری پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی گہری اور لازوال دوستی لاثانی ہے جو ہمیشہ توقعات پر پورا اتری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم لوگ لاک ڈاون کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اورانہیں ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

3000 ٹن وزنی اور 80 میٹرسے زیادہ طویل پاک بحریہ کا سروے بحری جہاز بحر مساح جدید ترین سروے آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز ہائیڈرو گرافک، اوشنوگرافک، جیوگرافیکل سروے اور زیر سمندر زمین کے نقشوں کی تیاری کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ بحر مساح کی شمولیت سے پاک بحریہ کی ہائیڈروگرافی کی صلاحیت دنیا کی ترقی یافتہ میری ٹائم اقوام کے مساوی ہو جائے گی۔
Load Next Story