اثاثوں کی تفصیل جمع نہ کرانیوالے71 ارکان اسمبلی و سینیٹ کو کل معطل کئے جانے کا امکان

اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرانے والوں میں مصطفیٰ کمال، اسد عمر، رحمان ملک اور فیصل رضا عابدی بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اور سینیٹروں کو 30 ستمبر تک اپنے اثاثاجات کی تفصیل جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنے اثاثاجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 71 ارکان اسمبلی و سینیٹ کی رکنیت کل معطل کئے جانے کا امکان ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود 71 ارکان نے اب تک تفصیلات جمع نہیں کرائیں، جن ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ان میں سینیٹ کے 4 ارکان، قومی اسمبلی کے 9 ، خیبرپختونخوا اسمبلی کے22، سندھ اسمبلی کے11 ارکان ، پنجاب اسمبلی کے 9 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان شامل ہیں۔ جن ارکان پارلیمنٹ نے اب تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں ان میں ایم کیو ایم کے سید مصطفیٰ کمال، تحریک انصاف کے اسد عمر، پیپلز پارٹی کے رحمان ملک اور فیصل رضا عابدی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان اور سینیٹروں کو 30 ستمبر تک اپنے اثاثاجات کی تفصیل جمع کرانے کی ہدایت کی تھی جبکہ 15 اکتوبر کو اثاثوں کی تفصیل جمع نہ کرانے والی کی رکنیت معطل کئے جانے کا اعلان کیا تھا تاہم عیدلاضحیٰ کے باعث ایسا نہ ہوسکا اور اب پیر کو ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
Load Next Story