وزیراعظم نوازشریف 4 روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئےجان کیری سے ملاقات

امریکا پاکستان کو خاص اہمیت دیتا ہے نوازشریف کا دورہ امریکا اہمیت کا حامل ہے،جان کیری

وزیراعظم نوازشریف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری ملاقات سے قبل خوشگوار موڈ میں مصافحہ کررہے ہیں۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیر اعظم نواز شریف 4 روزہ دورے پر امریکا کے شہر واشنگٹن پہنچ گئے جہاں ان کا اعلی امریکی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم کا طیارے امریکا کی اینڈریو ایئربیس پر لینڈ کیا جہاں امریکا کے پاکستان میں تعینات سفیر رچرڈاولسن، چیف آف پروٹوکول، امریکی تھنک ٹینک کے رکن سمیت اعلی امریکی حکام، سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور پاکستانی سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔


دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف سے امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ملاقات کی ہے ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کی طرف سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیرمملکت برائے خارجہ امور سرتاج عزیز،سیکریٹری خارجہ جلیل عباس اورطارق فاطمی بھی موجود تھے۔جبکہ امریکی وزیرخارجہ کے ہمراہ ان کی ٹیم بھی ملاقات میں موجود تھی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں عالمی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم،توانائی اور اقتصادی معاملات سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کو خاص اہمیت دیتا ہے نوازشریف کا دورہ امریکا اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت معیشت آگے بڑھانے کے لیے محنت کررہی ہے اور اسے ساتھ ساتھ شدت پسندی سے بھی نمٹنا پڑرہا ہے،خطے میں سلامتی کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ جان کیری نے وزیراعظم نوازشریف کو امریکا آنے پر خوش آمدید بھی کہا ۔واضح رہے کہ وزیراعظم 11 رکنی وفد کے ہمراہ امریکی دورے پر ہیں جہاں وہ آج امریکی صدر اوبامہ سے بھی ملاقات کریں گے ۔

Load Next Story