دبئی ٹیسٹ فتح کا عزم لیکر میدان میں اتریں گے واٹمور

پروٹیز آسانی سے ہار ماننے والے نہیں، دوسرے ٹیسٹ میں پوری شدت سے حملہ آور ہونگے

اس بار ہم جنوبی افریقہ کے خلاف بھرپور تیاری کرچکے ہیں،کوچ قومی کرکٹ ٹیم۔ فوٹو: فائل

پاکستان پروٹیز پر حاصل برتری قائم رکھنے کیلیے پراعتماد ہیں تاہم کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ آسانی سے شکست ماننے والی ٹیم نہیں ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں وہ پوری شدت سے حملہ آور ہوگی، سیریز میں 1-0 سے فتح بھی اہم مگر ہم فتح کے لیے میدان میں اتریں گے، پہلے ٹیسٹ میں فتح سے کوئی اپ سیٹ نہیں کیا، ٹیم میں بھی بڑی سائیڈز کو پچھاڑنے کی صلاحیت موجود ہے، شان مسعود اچھی دریافت ہیں، بہتر مستقبل کیلیے سلیکٹرز کو دلیرانہ فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ ہمیں صرف اپنے پلان پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، بولرز ہی ہمیں فتح سے ہمکنار کریں گے ، ہاشم آملہ کے بعد جنوبی افریقی بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ اچانک وطن واپس لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی کے اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم پر کھیلنے والا ہے، اسے ابوظبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میںفتح کی بدولت دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، پاکستانی ٹیم جنوبی افریقی سائیڈ کے جوابی وار کے خطرے سے پوری طرح آگاہ اور اس کو پسپا کرنے کے لیے تیار بھی ہے۔

ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ ان ٹیموں میں سے ہے جوکہ آسانی سے ہار نہیں مانتیں اور آخری دم تک فائٹ کرتی ہیں، مجھے اس سائیڈ کا تجربہ ہے ، آپ ایسی ٹیم کو نظر انداز کرنے کا خطرہ کسی صورت مول لے ہی نہیں سکتے۔ واٹمور سیریز میں 2-0 کی کامیابی کے خواہاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سیریز کا نتیجہ 1-0 بھی اچھا ہوسکتا ہے کیونکہ اگر بھرپور مقابلے سے میچ ڈرا بھی ہوجائے تو یہ بھی برا نہیں، ہمیں اس سیریز میں برتری حاصل ہے لیکن اس کے باوجود ہم صرف فتح کے لیے ہی میدان میں اتریں گے۔




یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کو زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں ناکامی کا صدمہ جھیلنا پڑا تھا مگر اب وہ دنیا کی نمبر ون ٹیم کو زیر کرچکا، واٹمور اس کامیابی کو اپ سیٹ فتح قرار نہیں دیتے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی حیرت نہیں ہوئی، زمبابوے سے میچ ہارنے کی وجہ سے لوگوں کا خیال تھا کہ ہمارا جنوبی افریقہ سے کوئی مقابلہ نہیں مگر میں شروع سے ہی کہہ رہا تھا کہ اس بار ہم جنوبی افریقہ کے خلاف بھرپور تیاری کرچکے ہیں، ہمیں ان کے نمبر ون رینکنگ اسٹیٹس کی کوئی پروا نہیں،پاکستان نے پہلے ابوظبی ٹیسٹ میں خرم منظور کے ساتھ شان مسعود کو بطور اوپنر کھلایا تھا دونوں نے ٹیم کو 135 رنز کی بنیاد فراہم کی تھی، حفیظ کی جگہ لینے والے شان نے ڈیبیو پر 75 رنز اسکور کیے تھے جبکہ خرم نے سنچری بنائی تھی۔ واٹمورکا کہنا ہے کہ شان مسعود کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے کا کریڈٹ سلیکٹرز کو ملنا چاہیے، وہ ایک بہترین بیٹسمین اور اس کا مستقبل روشن ہے، ایسی چیزیں دلیرانہ فیصلوں سے ہوتی ہیں جوکہ بعض اوقات کام کرتے اور کبھی نہیں کرتے ہیں، خرم منظور نے بہت زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی اور اسی چیز کی ضرورت ہے، انھیں اب اپنی پرفارمنس میں تسلسل لانا ہوگا، اگلا ٹیسٹ اس کی آزمائش ہوگا۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کوچ ڈومنگو رسل کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ہم نے 100، 150 رنز مزید بنالیے ہوتے تو پاکستان کو ٹف ٹائم دے سکتے تھے، کسی بھی کوچ کیلیے شکست سے کیریئر کا آغاز اچھا شگون نہیں ہوتا آپ سے توقع صرف کامیابی کی جاتی ہے، ہم میں کم بیک کرنے کی صلاحیت موجود مگر ضرورت پلان پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہے، ہمارے بولرز تمام 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے اور وہ ہمیں کامیابی دلائیں گے،علاوہ ازیں جنوبی افریقی بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ اچانک وطن واپس لوٹ گئے، اب پروٹیز بولرز کو دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کوچ کے بغیر ہی کرنا ہوگی۔ ڈونلڈ کو جون 2011 میں اس ذمہ داری پر فائض کیا گیا تھا، انھوں نے غیرمعینہ مدت کیلیے چھٹیاں لیتے ہوئے کیمپ چھوڑا ہے۔ ٹیم منیجر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ ایلن ڈونلڈ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر چھٹیاں لی ہیں اور ہم یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وہ کب واپس لوٹیں گے، ان کی غیرموجودگی میں سابق بولنگ کوچ ونسنٹ بیرنس ٹیم کو جوائن کریں گے۔
Load Next Story