امریکا نے ڈرون حملوں میں بے گناہ افراد قتل کیے ثروت قادری

ملک میں جاری ڈرون حملے روکنے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کرنا ہوگا، وفد سے گفتگو

بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،سربراہ سنی تحریک۔ فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امریکا کی کٹھ پتلی ہے ڈرون حملے روکنے کیلیے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرنے ہونگے۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلیے اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سے دہشت گردی جنم لیتی ہے، ملک دشمن قوتیں عام فرد کی معاشی اور سیاسی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاکر ان کو عوام اور سماج دشمن کارروائیوں میں استعمال کرتی ہیں ،دہشت گردی میں وہی ملک ملوث ہیں جنھوں نے اسلحے کی ترسیل کو پھیلایا ہے، امریکا ہی وہ ملک ہے جس نے باربار فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور ڈرون حملوں کے ذریعے سیکڑوں بے گناہ افراد کو لقمہ اجل بنایا۔




پاکستان کے عوام ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ،پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے بھارتی فوج کنٹرول لائن پر باربار فائرنگ کرکے اشتعال پھیلانے کی کوشش کررہی ہے ،بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر بھٹوکالونی کے وفد سے گفتگو میں کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے، بیرونی قوتیں پاکستان پرمیلی آنکھ جمائے ہوئے ہیں لیکن پاکستانی عوام ہر اس آنکھ کو پھوڑنا اچھی طرح جانتے ہیں۔
Load Next Story