کرتارپور راہداری کی سہولت پر عامر خان کی وزیراعظم کو مبارکباد

دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان اقلیتوں کا احترام کرنے والا ملک ہے، عامر خان

دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان اقلیتوں کا احترام کرنے والا ملک ہے، عامر خان

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کرتارپور راہداری کی سہولت پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جانب ایک مثالی قدم قرار دیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ راہداری کی سہولت سے دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کرنے میں نمایاں مدد ملے گی اور دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان اقلیتوں کا احترام کرنے والا ملک ہے۔


عامر خان نے اس اہم موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی مناسبت سے یادگاری سکے کے اجراء کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکے جاری ہونے سے قبل ہی دنیا بھر میں کروڑوں کی تعداد میں پھیلی ہوئی سکھ برادری میں مقبول ہوچکے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے سکوں کی فرمائش موصول ہورہی ہے۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت خزانہ سے درخواست کی کہ بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن پر جاری کردہ یادگاری سکوں کے خاطر خواہ تعداد میں اجراء کو یقینی بنایا جائے اور بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا درجہ رکھنے والی نمایاں شخصیات کو یہ سکے فراہم کیے جائیں تاکہ وہ پاکستان کے امن کے اس پیغام کو دنیا بھر میں پھیلا سکیں ۔
Load Next Story