ٹماٹروں کی آسمان کو چھوتی قیمت پر شنیرا اکرم کا دلچسپ ٹوئٹ

ٹماٹر 300 روپے نہیں بلکہ 17روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں، مشیر خزانہ حفیظ شیخ

شنیرا نے ٹوئٹر پر ٹماٹر اورچلغوزوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں پر دلچسپ تبصرہ کیا فوٹوفائل

سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ٹماٹروں کی ہوشربا قیمت پر مزاحیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے حکمرانوں کی توجہ ملک میں جاری مہنگائی کی جانب مبذول کرائی ہے۔

ملک بھر میں ٹماٹروں کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے اور کہیں ٹماٹر 250 توکہیں 300 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں، جس کے باعث ٹماٹر عام عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں ۔ سونے پر سہاگہ مشیر خزانہ کے ٹماٹروں کی قیمت سے متعلق بیان جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سبزی منڈی میں ٹماٹر 300 روپے کلو نہیں بلکہ 17 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں نے عوام کے غصے کو مزید ہوا دی ہے۔

سوشل میڈیاصارفین نے حفیظ شیخ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں یہ معلوم نہیں کہ ملک میں ٹماٹروں کی کیاقیمت ہے وہ ملک کیا چلائیں گے اور اب شنیر ا اکرم نے بھی مزاحیہ انداز میں حکمرانوں کی توجہ ملک میں جاری مہنگائی کی جانب کرائی ہے۔


شنیرا نے ٹوئٹر پر ٹماٹر اورچلغوزوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا پاکستان میں اس وقت ایسے حالات ہیں جب ٹماٹروں اور چلغوزوں سے بناہوا گلدستہ شادیوں میں بخوشی تحفے کے طور پر قبول کیا جائے گا۔



 

سوشل میڈیا پر شنیرا اکرم کے اس ٹوئٹ پر لوگوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں مختلف مشوروں سے نوازا ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا آپ اپنے لان میں ٹماٹر اگاسکتی ہیں جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ آپ مجھے میری شادی میں یہ تحفہ دے دیں۔
Load Next Story