پشاور میں ملک دشمن سرگرمیوں کیلیے استعمال ہونیوالے اڈے کا انکشاف اسرائیل اور بھارت سے 24گھنٹے رابطہ

پشاور کے علاقے فقیرآباد میں 3 کمروں کے فلیٹ میں20 ٹیلی فون لائنز جعلی شناختی کارڈ استعمال کرکے لگائی گئیں.

ایف آئی اے اورپولیس کا مشترکہ چھاپہ،سامان قبضے میں لے لیاگیا،کوئی ملزم گرفتارنہ ہوسکا، تحقیقاتی اداروں نے تفتیش شروع کردی، بھارت،اسرائیل اورصومالیہ سمیت دیگرممالک سے مسلسل رابطے رکھے جارہے تھے، ذرائع فوٹو: فائل

پشاورکے علاقے فقیر آباد میں ممکنہ طورپرملک دشمن سرگرمیوں کیلیے استعمال ہونے والے اڈے کا انکشاف ہواہے۔

ایف آئی اے اور پولیس نے چھاپہ مارکر3 کمروں کے فلیٹ میں20 ٹیلی فون لائنزکا پتہ چلا لیا جن سے اسرائیل، بھارت اور صومالیہ کے ساتھ 24 گھنٹے رابطہ رکھا جارہاتھا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ پی ٹی سی ایل حکام نے3 دن میں 43 لاکھ روپے کی ٹیلی فون کالزپر ایف آئی اے کوآگاہ کیا اورچھان بین کیلیے کیس ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔




جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ فلیٹ پر چھاپہ مارا، 3 کمروں کے فلیٹ میں پی ٹی سی ایل کی20لائنیں لگائی گئی تھیںجن سے بھارت،اسرائیل اور صومالیہ سمیت دیگرممالک سے مسلسل رابطے رکھے جارہے تھے،چھاپہ مار ٹیم نے فلیٹ سے سامان قبضے میں لے لیاتاہم ملزمان فرار ہوچکے تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک ہی گھرمیں غیر قانونی طور پر بیس ٹیلی فون لائنیں لگائی گئی تھیں، ان ٹیلیفون لائنوں کیلیے الگ کیبل بھی بچھائی گئی تھی جبکہ یہ ٹیلی فون لائنیں لگانے کیلیے جعلی شناختی کارڈاستعمال کیا گیاجوپنجاب کے شہری کاہے،ان ٹیلیفون لائنوں سے بھارت اور اسرائیل کیساتھ تقریباً 24 گھنٹے رابطہ رکھاجاتا تھا،ممکنہ طور پرملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ملزمان اوربیرون ملک مسلسل رابطوں کے مقاصدمعلوم کرنے کیلیے تحقیقاتی ٹیموں نے مختلف پہلوؤں پرتفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story