گلوکاری کے بعد اب راحت فتح فلمی گیتوں کی کمپوزنگ بھی کریں گے
گلوکار راحت فتح علی خان کے گیت فلموں میں شامل کرنا کوئی نئی بات نہیں تاہم اب وہ کسی بھی فلم کے گیت کے لیے پہلی بار کمپوزر کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔
اس حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں کہ ہدایت کار نسیم وکی کی جانب سے بنائی جانے والی پہلی فلم 'سوری بابا' کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اس فلم کے پہلے گیت کی موسیقی راحت فتح علی خان ترتیب دیں گے۔
'انٹرٹینمنٹ پی کے' کے مطابق فلم 'سوری بابا' کے پروڈیوسر نے تصدیق کرتے ہوئے انہیں بتایا ہے کہ راحت فتح علی خان اُن کی فلم کے پہلے گیت کی موسیقی دو سے تین دن میں ترتیب دیں گے جس کا باقاعدہ طور پر معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔
یہ فلم 2020ء میں عید الفطر کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس کی کہانی خود نسیم وکی نے تحریر کی ہے جب کہ فلم کو کامران اعجاز پروڈیوس کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق فلم 'سوری بابا' کے مرکزی کرداروں کا اب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم یہ پہلی بار ہوا ہے کہ راحت فتح گلوکاری کے ساتھ کسی بھی فلم کے لیے موسیقار کے فرائض انجام دیں گے۔