ڈرون حملوں پر عالمی برادری کا ضمیر جاگنے میں کافی تاخیر ہوئی رضا ربانی

پرویز مشرف نے ڈرون حملوں کی اجازت دینے کا اعتراف کیا تھا اس لئے حکومت اس کی تحقیقات بھی کرے، رہنما پیپلز پارٹی

ڈیفنس آف پاکستان آرڈیننس 2013شہریوں کے بنیادی حقوق پر کاری ضرب ہے،رضا ربانی فوٹو: فائل

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹررضا ربانی نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر عالمی برادری کے ضمیر کو جاگنے میں کافی دیر اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں غیر معمولی تاخیر ہوئی لیکن اس کے باوجود ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔


اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید اور اس بات کا ثبوت ہے کہ اصولی بات کو دبایا نہیں جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نوازشریف کوامریکی صدر براک اوباما اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھانا چاہیے، اس کے علاوہ پرویز مشرف نے ایک انٹرویو میں ڈرون حملوں کی اجازت دینے کا اعتراف کیا تھا اس لئے حکومت اس کی تحقیقات بھی کرے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ڈیفنس آف پاکستان آرڈیننس 2013شہریوں کے بنیادی حقوق پر کاری ضرب ہے، پارلیمنٹ موجود ہے لیکن اس کے باوجود قانون سازی کے بجائے آرڈیننس کا اجرا کرکے جان بوجھ کر پارلیمانی نظام کی نفی کی جارہی ہے، قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیاں بغیر چیرمین کے بیٹھی ہیں، سرکاری ملازمین کے کوٹے کے حوالے سے کوئی قانون موجود نہیں جس کی وجہ سے موجود حکومت کی جانب سے ان آسامیوں پر ہونے والی تقرریاں عدالت میں چیلنج ہو سکتی ہیں۔
Load Next Story