پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم و نا انصافی ہے

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات مزید بڑھیں گی، حق پرست اراکین اسمبلی۔

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات مزید بڑھیں گی، حق پرست اراکین اسمبلی فوٹو: فائل

حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول میں حالیہ اضافہ عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی ہے کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں اور یہ اضافہ ان کے مسائل میں مزیداضافے کا باعث بنے گا۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہے اور ان حالات میں مزید مہنگائی ان کی قوت برداشت سے باہر ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی حالات بہت خراب ہیں اور ملک کو سنگین بحرانوں کا سامنا ہے اور اگر مہنگائی کو قابو نہ کیا گیا تو حالات حکمرانوں کے بس میں نہیں رہیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، وفاقی مشیرپٹرولیم ڈاکٹر عاصم اور اعلیٰ وفاقی عہدیداران سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفورواپس لیا جائے اور عوام کی فلاح بہبود کیلیے سب سے پہلے مہنگائی جیسے اہم مسئلے پر قابوپائیں۔
Load Next Story