ہارون لورگاٹ اورسری لنکا کرکٹ کی ڈیل مشکوک قرار

5 لاکھ ڈالر امداد کیلیے خصوصی ایڈوائزر بناکر رشوت دی گئی، راناٹنگا کا الزام

5 لاکھ ڈالر امداد کیلیے خصوصی ایڈوائزر بناکر رشوت دی گئی، راناٹنگا کا الزام فوٹو: اے ایف پی

DHAKA:
آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ اور سری لنکا کرکٹ کے درمیان ڈیل شکوک کی زد میں آ گئی، سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے الزام عائد کیاکہ لورگاٹ کو 5 لاکھ ڈالر امداد کیلیے خصوصی ایڈوائزر بناکر رشوت دی گئی، ادھر آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سابق چیف ایگزیکٹیو کی سری لنکا کرکٹ سے وابستگی مفادات کا ٹکرائو نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے جون میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہارون لورگاٹ کی خدمات بطور مشیر خصوصی حاصل کی ہیں، اس کیلیے انھیں ایک لاکھ ڈالر معاوضہ دیا جائے گا، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ڈیل آئی سی سی کی جانب سے سری لنکا بورڈ کو 5 لاکھ ڈالر کی امداد اور دو ملین ڈالر قرض دیے جانے کے چند ہفتوں بعد طے پائی جس سے اس معاملے پر شکوک کے بادل چھا گئے۔


سری لنکا کے سابق کپتان اور موجودہ اپوزیشن ممبرپارلیمنٹ ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ اس معاملے پر سب کو شک ہے، ہم نے سنا ہے کہ لورگاٹ کو ایک لاکھ ڈالر دیے جارہے ہیں، یہ اس طرح سے ہے کہ ہم نے آئی سی سی سے پانچ لاکھ ڈالر وصول کیے اور اس میں سے ایک لاکھ واپس لورگاٹ کو لوٹا دیے، اگر جب لورگاٹ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو تھے اور انھوں نے یہ گرانٹ اور قرضہ منظور کیا، پھر ذمہ داری سے سبکدوش ہونے پر ہم نے ان کی خدمات بطور پر مشیر حاصل کرلیں تو پھر میرے نزدیک یہ خفیہ ڈیل کا نتیجہ ہے۔

اس بارے میں آئی سی سی کے موجودہ چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ لورگاٹ کا ایس ایل سی کا مشیر بننا مفادات کا ٹکرائو نہیں، ان کے بارے میں جو شکوک ظاہر کیے جارہے ہیں ان میں کوئی حقیقت نہیں، مالی معامات مکمل طور پر آئی سی سی صدر کے کنٹرول میں ہوتے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایس ایل سی کے صدر اپالی دھرما سینا نے کہا تھا کہ بورڈ پر لازم نہیں کہ وہ لورگاٹ کی سفارشات پر عملدرآمد بھی کرے، ان کے اس بیان سے آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو کی تقرری کے بارے میں شکوک میں اضافہ ہوا ہے۔
Load Next Story