ٹیم پر تنقید کرنے والے آج خود ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پارہے شاہد آفریدی

مصباح الحق کے علاوہ اس وقت ٹیم میں اتنا کوئی سینیئر کھلاڑی نہیں جسے کپتان بنایا جاسکے، شاہد آفریدی

ہمیں ٹیم پر تنقید کرنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔، شاہد آفریدی فوٹو: ایکسپریس نیوز

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی وی پر بیٹھ کر تنقید کرنا بہت آسان ہے لیکن اصل میں ٹیم پر تنقید کرنے والے آج خود ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پارہے۔


نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بہت اچھی طرح جیتا اس لئے امید کی جارہی تھی کہ قومی ٹیم دوسرا ٹیسٹ بھی جیتے گی لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور میچ کا پانسا کسی بھی وقت پلٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جب بھی ٹیم کی نمائندگی کی تو ہمیشہ اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت آگیا جب مصباح الحق پر تنقید کرنے والوں نے ان کی صلاحیتوں کو ماننا شروع کردیا ہے اور اب لوگوں کے دلوں میں ان کی کارکردگی کے باعث ان کا وقار بلند ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مصباح الحق کے علاوہ کوئی بھی اتنا سینیئر کھلاڑی موجود نہیں ہے جسے کپتان بنایا جاسکے، کسی بھی کپتان کو خود کو منوانے کے لئے وقت دیا جاتا اس لئے ہمیں بھی مصباح الحق پر اعتماد کرنا چاہئے، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرنا اور ٹیم پر تنقید کرنا بہت آسان ہے لیکن ٹیم پر تنقید کرنے والے آج خود ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پارہے، ہمیں ٹیم پر تنقید کرنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔
Load Next Story