اسمتھ نے میراتھن اننگز میں کئی ریکارڈ قدموں تلے روند دیے

میانداد، انضمام اور گوچ کو پیچھے چھوڑ دیا، ڈی ویلیئرز کے ساتھ ریکارڈ شراکت

دبئی ٹیسٹ:جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ پاکستان کیخلاف ڈبل سنچری مکمل کرنے پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں.فوٹو: اے ایف پی

گریم اسمتھ نے اپنی میراتھن اننگز میں کئی ریکارڈ قدموں تلے روند دیے، بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریوں میں ڈان بریڈ مین کے ہمسر ہوگئے۔

9 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے 12 ویں کھلاڑی بن گئے،ابراہم ڈی ویلیئرز کے ساتھ ریکارڈ شراکت بناڈالی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ میں دوسرے روز کے اختتام تک 227پر ناٹ آئوٹ گریم اسمتھ کئی نئے ریکارڈ قائم کرچکے، وہ 9000 ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے 12 ویں کرکٹر بنے، انھوں نے انضمام الحق (8830)، جاوید میانداد (8832) اور گراہم گوچ (8900) کو پیچھے چھوڑا۔ یہ ان کے کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری ہے، جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن تین مرتبہ 200 پلس رنز اسکور کرچکے ہیں۔ بطور کپتان یہ اسمتھ کی چوتھی ڈبل سنچری ہے اس طرح وہ ڈان بریڈ مین اورمائیکل کلارک کے ہمسر ہوگئے، اس فہرست میں برائن لارا 5 مرتبہ 200 پلس اسکور کی وجہ سے ٹاپ پر ہیں۔




اب تک گریم اسمتھ اور ڈی ویلیئرز کے درمیان 326 کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی جو پروٹیزکا پانچویں وکٹ کیلیے ایک ریکارڈ ہے، انھوں نے جیک کیلس اور ایشول پرنس کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سینٹ جونز میں 2005 میں267 رنز کی پارٹنر شپ کے ریکارڈ کو توڑا۔ اسمتھ پانچ مرتبہ 300 پلس کی شراکتوں کے حصہ رہے، اس معاملے میں وہ اب ڈان بریڈ مین کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ یہ ڈی ویلیئرز کی 17 ویں ٹیسٹ سنچری ہے جبکہ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے چوتھی بار تھری فیگر اننگز سجائی، وہ اس نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری مرتبہ 150 پلس رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے،اسٹیووا 5 اور گیری سوبرز 4 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے۔ ڈی ویلیئرز کے پاکستان کے خلاف ایک ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل ہوگئے۔ جنید خان اب تک 99 رنز کی پٹائی برداشت کرچکے جو مختصر کیریئر میں سب سے زیادہ رنز ہیں، انھوں نے پہلی مرتبہ بغیر کوئی وکٹ لیے ایک اننگز میں 20 یا زائد اوورز کیے ہیں۔
Load Next Story