چین نے 3200 میگاواٹ بجلی دینے کی پیشکش کردی لوڈشیڈنگ کو شکست دینگے شہباز شریف

انرجی بحران کے خاتمے کیلیے شمسی توانائی کو ترجیح دیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

ہم چین سے امداد مانگنے نہیں مشترکہ سرمایہ کاری کی تجاویز لے کر آئے ہیں،شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے انرجی بحران کے خاتمے کے لیے شارٹ ٹرم حکمت عملی کے طور پر سولرانرجی کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سنکیانگ میں چینی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد ہائیڈل اور تھرمل سمیت بجلی بنانے کے ہر طرح کے منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے تاہم حکومت عوام کو ہنگامی بنیادوں پر لوڈشیڈنگ کی شدت سے نجات دلانے کے لیے شمسی توانائی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دورے کے دوران چین نے پاکستان کو 3200 میگا واٹ بجلی برآمد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم پنجاب میں ایک ہزار میگاواٹ کا سولر انرجی پارک تعمیر کر رہے ہیں، یہ پارک دنیا کے چند بڑے سولرانرجی پارکوں میں سے ایک ہو گا۔ ہمیں اس منصوبے کی تکمیل کے لیے چین کے تعاون کی ضرورت ہے۔




ہم چین سے امداد مانگنے نہیں بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری کی تجاویز لے کر آئے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے چین کے مختلف شہروں میں واقع بجلی کی پیداوار سے متعلق سامان تیار کرنے والی فیکٹریوں کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے ونڈمل، پاور ٹرانسفارمرز اور سولرز سیلز کی تیاری کے عمل میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔چین سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور چین کی قیادت نے اس دورے کے دوران توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے بھی ہمیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ہم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو شکست دیں گے۔ واضح رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کی بحالی کے بعد بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ دوسری بڑی کامیابی ہے۔
Load Next Story