لیجنڈ بھارتی گلوکار مناڈے 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

مناڈے کو جو مہارت انھیں کلاسیکی گائیکی میں حاصل تھی وہ بالی وڈکے کسی دوسرے مرد گلوکار کو حاصل نہیں ہوئی

منا ڈے 1919ء میں کلکتہ میں پیدا ہوئے اپنے کیئریر میں3ہزار سے زائد گیت گائے۔فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بھارت کے لیجنڈگلوکارمنا ڈے طویل علالت کے بعد94 برس کی عمرمیں انتقال کرگئے۔


بھارتی میڈیاکے مطابق مناڈے کو طبیعت بگڑنے پربنگلور کے اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے جمعرات کی صبح ان کے انتقال کا اعلان کیا۔ اس سے قبل جون میں بھی انھیں سینے میں انفیکشن کے سبب اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کیا گیا تھا لیکن پھر وہ روبصحت ہو کر گھر آ گئے تھے، ہر طرح کے نغموں کو بآسانی گانے کا ہنررکھنے والے منا ڈے کا شمار 1950 اور 60ء کی دہائی کے اہم پلے بیک سنگرز میں ہوتا تھا۔

ویسے تو مناڈے نے ہر طرح کے گیت گائے لیکن ان کی خاص شہرت اورمہارت کلاسیکی اندازکی گائیکی تھی اور یہ سمجھاجاتاہے کہ جو مہارت انھیں کلاسیکی گائیکی میں حاصل تھی وہ بالی وڈکے کسی دوسرے مرد گلوکار کو حاصل نہیں ہوئی۔ منا ڈے 1919ء میں کلکتہ میں پیدا ہوئے تھے، انہیں کلاسیکی موسیقی سے رغبت تھی اسلئے انہوں نے استاد امان علی خان اور استاد عبدالرحمن خان سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ انھوں نے اپنے کیئریر میں 3 ہزار سے زائد گیت گائے تھے، انھیں 1971 میں پدم شری، 2005 میں پدم بھوشن ایوارڈ جبکہ 2007 میں بھارتی فلمی صنعت میں سب سے اہم سمجھا جانیوالا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔ این این آئی کے مطابق منا ڈے کا اصل نام پربودھ چندرڈے تھا لیکن وہ اپنی عرفیت سے ہی پہچانے گئے۔ منّا ڈے نے دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
Load Next Story