کراچی لیاری گینگ وار کے گروپوں میں تصادم جاری فائرنگ سے مزید 2 افراد جاں بحق

گزشتہ روز سے اب تک علاقے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5ہوگئی ہے جبکہ فائرنگ سے لوگوں میں شدیدخوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے

گزشتہ روز گینگ وار کے عذیر جان بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپ کے درمیان تصادم سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بغدادی میں لیاری گینگ وار کے گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد گزشتہ روز سے اب تک علاقے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5ہوگئی ہے جب کہ فائرنگ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے لیاری کے علاقے بغدادی میں یوسفی مسجد کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ابھی تک جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب لی مارکیٹ کے اطراف اور دیگر علاقوں میں گینگ وار کے عذیربلوچ اور بابا لاڈلہ گروپ کے کارندوں کے درمیان فائرنگ کے باعث لوگوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے جب کہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کے عزیر جان بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپ کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس اور رینجرز کی جانب سے عذیربلوچ اور بابالاڈلہ کے گھروں میں رات گئے چھاپے بھی مارے گئے تاہم وہ انہیں گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔
Load Next Story