ایم کیوایم کا پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت پر معذرت کا اظہار

متحدہ اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی صرف ملاقات ہوئی ہے، ایم کیو ایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت نہیں دی، شرجیل میمن

ایم کیوایم کو بلدیاتی نظام، حلقہ بندیوں اور حیدر آباد کو تقسیم کرنے کے نوٹی فکیشن پر تحفظات ہیں، ذرائع فوٹو؛فائل

پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے تاہم ایم کیوایم نے تحفطات دورہونے تک حکومت میں شمولیت سے معذرت کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ملاقات ہوئی جہاں پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک بار پھر ایم کیوایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی گئی تاہم ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے سندھ میں دہرے بلدیاتی نظام، حلقہ بندیوں اور حیدر آباد کو تقسیم کرنے کے نوٹی فکیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر سندھ حکومت میں شمولیت سے معذرت کرلی۔


دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپو ر اور رحمان ملک شامل تھے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر ندیم نصرت، خالد مقبول صدیقی، عادل صدیقی اور بابر غوری سمیت گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بھی شریک تھے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عجمان میں صرف ایم کیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے تاہم اس ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم کیوایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت نہیں دی گئی۔
Load Next Story