بھارت میں لیڈی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا

بیٹی کی بائیک خراب ہوگئی تھی اور مدد کرنے والے شخص نے ہی زیادتی کا نشانہ بنایا، والدین

ویٹرنری ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا۔ فوٹو : بھارتی

بھارت میں 27 سالہ ویٹرنری ڈاکٹر کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد کے شمشاد آباد تھانے کی حدود سے صبح 6 بجے دودھ فروخت کرنے والے شخص نے اطلاع دی کہ ایک جلی ہوئی لاش ملی ہے، پولیس نے قریبی تھانے میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے والے والدین کو طلب کیا جنہوں نے دوپٹے اور چپلوں سے اپنی بیٹی کو پہچان لیا۔


والدین نے اپنے بیان میں بتایا کہ کلینک سے واپسی پر بیٹی کی بائیک خراب ہوگئی تھی، اس نے فون پر بتایا کہ ایک شخص نے مدد فراہم کی ہے میں بائیک ٹھیک کروا رہی ہوں، تھوڑی دیر بعد بیٹی کا دوبارہ فون آیا اور اس نے بتایا کہ مدد فراہم کرنے والے شخص سے اسے خوف محسوس ہو رہا ہے اور کچھ گڑبڑ ہے۔

والدین نے پولیس کو مزید بتایا کہ بعد ازاں بیٹی کا فون مسلسل بند جا رہا تھا جس پر ہم نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور خود بھی بیٹی کو تلاش کرتے رہے لیکن ناکامی ہوئی۔ پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کرکے والدین کے بیان کی روشنی میں تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
Load Next Story