کراچی میں بھی سرکاری اسکولوں کا معیار تعلیم ابتر ہوگیا

سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنیوالے 15026 طلبہ وطالبات میں سے محض 23 طلبا 6 بڑے سرکاری کالجوں میں داخلہ لے سکے

سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنیوالے 15026 طلبہ وطالبات میں سے محض 23 طلبا 6 بڑے سرکاری کالجوں میں داخلہ لے سکے۔ فوٹو: فائل

صوبے کے دیگراضلاع کی طرح کراچی میں بھی سرکاری اسکولوں کا معیار تعلیم ابتری سے دوچارہوچکا ہے۔

سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے15026طلبہ وطالبات میں سے محض23طلبا کامرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت انٹرسال اول میں کراچی کے6بڑے سرکاری کالجوں میں داخلوں کا انکشاف ہواہے،سرکاری اسکولوں کے ناقص معیارتعلیم اور خراب کاکردگی کے سبب ہزاروں طلبا شہرکے بڑے سرکاری کالجوں میں داخلے حاصل ہی نہیں کرسکے،محکمہ تعلیم کی سرکاری اسکولوں پرتوجہ نہ دیے جانے کے سبب ان طلبا کیلیے معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم کے دروازے بند ہوتے جارہے ہیں،''ایکسپریس''کوان چھ بڑے سرکاری کالجوں سے ملنے والی داخلوں کی تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج ملیرکینٹ اور آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج میں پری انجینئرنگ اورپری میڈیکل میں سرکاری اسکول کاطالبعلم داخلہ حاصل ہی نہیں کرسکا۔

گورنمنٹ ڈگری کالج ملیرکینٹ میں مجموعی طورپر657طلبا وطالبات کو پری میڈیکل اورپری انجینئرنگ کی فیکلٹی میں داخلے دیے گئے، داخلے حاصل کرنے والے تمام کے تمام طلبا وطالبات نے کراچی کے نجی اسکولوں سے میٹرک کیا، اسی طرح آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج میں سائنس کی دونوں فیکلٹیز میں مجموعی طورپر608طلبہ کوداخلے دیے گئے تاہم مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے بنائے گئے میرٹ میں سرکاری اسکول سے میٹرک کرنے والا کوئی بھی طالبعلم اس کالج میں داخلہ حاصل نہیں کرسکا اورکالج کی تمام نشستیں نجی اسکول سے میٹرک کرنے والے طلبا ہی سے پرہوگئیں، مزید براں گورنمنٹ دہلی انٹرسائنس کالج میں پری انجینئرنگ اورپری میڈیکل میں سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے9طلبا داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔




اس کالج میں مجموعی طورپر756طلبا نے داخلہ حاصل کیاجس میں پری میڈیکل کی فیکلٹی میں سرکاری اسکول کے1جبکہ انجینئرنگ میںسرکاری اسکول کے8طلبا داخلے حاصل کرپائے، ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج میں سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے کل6طلبہ داخلہ لے سکے، اس کالج میں مجموعی طوپر805داخلے دیے گئے، پری انجینئرنگ میں 600 طلبا میں سے3طلبہ کاتعلق سرکاری اسکول جبکہ پری میڈیکل میں205میں سے بھی 3طلبا کاتعلق سرکاری اسکول سے ہے، مزیدبراں گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز اینڈ گرلز اسٹیڈیم روڈ(ایس آرای مجید) میں پری انجینئرنگ اورپری میڈیکل (فیمیل) میں 321 داخلے دیے گئے۔

پری انجینئرنگ فیمیل میں سرکاری اسکولوں کی کوئی طالبہ بھی داخلہ نہیں لے سکی جبکہ پری میڈیکل میں سرکاری اسکول سے میٹرک کرنیوالی2طالبات نے داخلے لیے، پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں پری میڈیکل اورپری انجینئرنگ میں 709داخلے دیے گئے، اس کالج میں سرکاری اسکول کی کل 3طالبات داخلہ حاصل کرپائیں، پری میڈیکل میں 406اورپری انجینئرنگ میں 313داخلے ہوئے، کراچی کے معروف تعلیمی ادارے خاتون پاکستان گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں 772داخلے دیے گئے تاہم سرکاری اسکولوں کی صرف 3طالبات داخلے حاصل کرسکیں، اس کالج میں پری میڈیکل کی فیکلٹی میں سرکاری اسکول کی کوئی طالبہ داخلہ نہیں لے سکے اورتینوں داخلے پری انجینئرنگ میں ہوئے۔
Load Next Story