مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم اور امریکی سفیر سے ملاقاتیں طالبان سے مذاکرات پر تبادلہ خیال

تمام تر رکاوٹوں کے باوجود طالبان سے مذاکرات کے لئے کوششیں جاری رکھیں جائیں، مولانا فضل الرحمان

ر وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کو کابینہ میں شامل ہونے کی ایک بار پھر پیش کش کی۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم نواز شریف سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ہے جس میں طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


برطانیہ روانگی سے قبل ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو طالبان کے مذاکرات سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا کیا ، وزیر اعظم نے انہیں دورہ امریکا کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور اس دونوں جانب سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کو کابینہ میں شامل ہونے کی ایک بار پھر پیش کش کی۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے حکومتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود طالبان سے مذاکرات کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں اس کے علاوہ انہوں نے امریکی حکام کے سامنے ڈرون حملوں پر اپنا واضح موقف پیش کرنے پر وزیر اعظم کی تعریف کی۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے امریکی سفیر سے بھی ملاقات کی جس میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
Load Next Story