امریکی انتظامیہ نے نواز شریف سے ڈرون حملے روکنے پر بات ہی نہیں کی خورشید شاہ

طالبان پاکستان کے آئین کو ہی نہیں مانتےاور جو لوگ آئین کونہیں مانتے حکومت ان کے ساتھ کن شرائط پر بات کرے گی،خورشید شاہ

وزیراعظم کو اے پی سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے خط لکھا تھا جس نوٹس لینے پر وہ ان کے شکرگزار ہیں، خورشید شاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جب امریکا نے ڈرون حملے بند کرنے کی بات ہی نہیں کی تو طالبان سے مذاکرات کیسے ہوں گے۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان کا پہلا مطالبہ ہی ڈرون حملے بند کرانا ہے لہٰذا جب تک ڈرون حملے نہیں رکیں گے وہ کبھی مذاکرات کی میز پر نہیں آئیں اور نہ ہی دہشت گرد کارروائیاں روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان تو پاکستان کے آئین کو ہی نہیں مانتے، جو لوگ آئین کو نہیں مانتے حکومت ان کے ساتھ کن شرائط پر بات کرے گی۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا گیا تھا اور وہ شکر گزار ہیں کہ انہوں نے میرے خط پر نوٹس لیا اور اس حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے انہیں بھی خط لکھا ہے جس میں تحفظ پاکستان آرڈیننس پر حمایت مانگی گئی ہے تاہم ابھی انہوں نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا اور قانونی ماہرین سے رائے طلب کی ہے۔
Load Next Story