ہاکی کے انتخابات باپ کی جگہ بیٹے نے ووٹ کاسٹ کیا

غیر حاضر اخلاق عثمانی راولپنڈی ایسوسی ایشن کے صدر بھی منتخب ہوگئے

غیر حاضر اخلاق عثمانی راولپنڈی ایسوسی ایشن کے صدر بھی منتخب ہوگئے. فوٹو: فائل

راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدارتی امیدوار کی جگہ بیٹے نے ووٹ کاسٹ کیا، غیر حاضر اخلاق عثمانی صدر بھی منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات شہنازشیخ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے، الحاق شدہ17میں سے12 کلب عہدیداروں نے حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب سٹی ہاکی کلب کی طرف سے صدارتی امیدوار محمداخلاق عثمانی کی جگہ بیٹا ووٹ کاسٹ کرنے کیلیے آگیا،الیکشن کمشنر نے کہاکہ قوانین کے تحت عثمانی کا خود ووٹ ڈالنے کے ساتھ انتخابی عمل کے دوران یہاں موجود ہونا بھی ضروری ہے، اس پر سابق سیکریٹری ظہیر الحق نے کہا کہ محمد اخلاق عثمانی نجی دورے پر دبئی گئے ہوئے ہیں، ان کا بیٹا عثمان اخلاق ووٹ کاسٹ کرے گا لیکن الیکشن کمشنر نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔




اس موقع پر موجود پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندے پرویز اسلم کیانی نے الیکشن کمشنر سے کہا کہ انتخابات کا عمل مکمل کیا جائے، اگر ہاکی فیڈریشن یا پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے اعتراض سامنے آیا توصدر کا انتخاب دوبارہ کرلیا جائے گا، جس کے بعد عثمان کو والد کی جگہ ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیدی گئی۔

بعدازاں الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق محمد اخلاق عثمانی صدر، محمد ظہیر الحق سینئر نائب صدر، محمد مرتضیٰ بھٹی جنرل سیکریٹری، شجاع اقبال راجہ اور علی عابد شیخ نائب صدور، غلام عباس اور طاہر شیرازی جوائنٹ سیکریٹریز اور عبد الرشید 2016تک فنانس سیکریٹری منتخب ہوگئے۔ اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے اخلاق عثمانی سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ ہاکی ایسوسی ایشن کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا کہ میں نے اپنے والدکی جگہ الیکشن میں شرکت کروں۔ نومنتخب سیکریٹری مرتضیٰ بھٹی نے کہاکہ ہمیں پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن سے ہدایات موصول ہوئی تھی کہ جلد از جلد الیکشن کو مکمل کرکے رپورٹ فیڈریشن کو ارسال کی جائے،اگر ہم نے قواعد کی خلاف ورزی کی توپی ایچ اے کو ہی جواب دیں گے۔ یاد رہے کہ محمد اخلاق عثمانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹرنارتھ بھی ہیں۔
Load Next Story