میرے والد اعظم ہوتی کے اسفندیاراورافراسیاب پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں امیرہوتی

اسفندیارولی کا دبئی میں کاروبار آپ دیکھ لیں تو چندا ڈال کر ان کو دیں گے کہ یہ ہماری طرف سے رکھ لیں،امیر حیدرخان ہوتی

میرے والد نے ذاتی مسئلے کو سیاسی بنایا ، امیر حیدر ہوتی۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا ہے کہ ان کے والد اعظم ہوتی کی جانب سے اسفندیار ولی خان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں ان کے والد نے ذاتی معاملات کو سیاسی بنایا۔

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ہر ایک گھر اور خاندان کے اپنے مسئلے مسائل ہوتے ہیں اور سیاسی گھرانے بھی اس سے مبرا نہیں، اسفندیار ولی خان بھی کسی کے بہن کے بھائی اور ان کے بچوں کے ماموں ہیں، انہوں نے بھی ذاتی مسائل پر اپنی بہن اور بھانجوں کا ساتھ دیا۔ ہمارے گھرانے میں بھی گزشتہ کچھ عرصے سے کئی معاملات چلے آرہے تھے جس کی وجہ سے ان کے والد اور گھر کے دیگر افراد کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جس میں ایک جانب ان کے والد صاحب ہیں اور دوسری جانب ان کا پورا گھرانہ، انہی اختلافات کی وجہ سے چند ماہ قبل انہوں نے اپنے والد کو یہ کہا کہ اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن بات اس حد تک نہ پہنچےکہ ہمارا ایک ساتھ چلنا ممکن نہ ہو۔ وہ اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ تمام افراد کو اس قسم کے مسائل سے دور رکھے۔


امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ وقت ہی سب سے بڑا منصف ہے جو سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ ثابت کرتا ہے، عوامی نیشنل پارٹی پر الزامات کوئی نئی بات نہیں ماضی میں ہمیں بھارتی، روسی اور امریکی ایجنٹ کہا گیا تو کبھی ہمارے خلاف کفر کے فتوے جاری ہوئے لیکن وقت نے اسے جھوٹا ثابت کیا، لیکن اس بار الزامات گھر کے ایک فرد کی جانب سے لگائے گئے جس کی وجہ سے ان الزامات کی بازگشت کافی زیادہ تھی، اسفندیار ولی خان اور افراسیاب خٹک پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں، ان کے والد نے ذاتی مسئلے کو سیاسی بنایا اور ایسے لوگوں کے حوالے سے بات کی جو ناصرف پختون قوم بلکہ یگر قومیتوں کے لئے بھی مشعل راہ ہیں اور وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے، اعظم ہوتی کو وہ بات نہیں کرنی چاہئے جس میں مرحوم افراد کا حوالہ دیا گیا ہو اور اس کی تردید یا تصدیق نہ کی جاسکے لیکن انہیں یقین ہے کہ وقت ایک بار پھر ان پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت سامنے لائے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اعظم خان ہوتی ان کے والد ہیں لیکن جہاں تک سیاسی بات ہے اے این پی نے انہیں جو عزت دی وہ اس کا سوچ بھی نہیں سکتے، چاہے کوئی جو بھی کر لے وہ اپنی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے اور مرتے دم تک اسی جماعت میں رہیں گے وہ پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑا رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم ہوتی نے اسفندیار ولی پر الزام لگایا کہ دبئی میں ان کے گھر اور کاروبار ہیں، الیکشن کمیشن میں ان کے اثاثوں کا ریکارڈ موجود ہے اگر ان کو دیکھا جائے تو پتہ چل جائے گا کہ ان کا دبئی میں کیا کاروبار ہے۔
Load Next Story