بھارت میں خاتون کھلاڑی ہونا بھی کسی مصیبت سے کم نہیں ثانیہ مرزا

جب خواتین کچھ اپنی مرضی کا کرنا چاہتی ہیں تو پھر تنقید شروع ہوجاتی ہے،ٹینس اسٹار

بچے کب ہوں گے اور اس طرح کی دوسری چیزوں کے بارے میں استفسار کیا جاتا ہے۔فوٹو:فائل

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ بھارت میں خاتون کھلاڑی ہونا بھی کسی مصیبت سے کم نہیں ہوتا، یہاں آپ سے کھیل سے زیادہ ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔


ایک ٹی وی ٹاک شو میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ بھارت میں ایک خاتون کا سیلبریٹی ہونا کسی مشکل سے کم نہیں ہے، لوگ آپ سے بہت کچھ پوچھیں گے، آپ کیا پہنتیں ہیں، کیا بولتی ہیں، بچے کب ہوں گے اور اس طرح کی دوسری چیزوں کے بارے میں استفسار کیا جاتا ہے، جب خواتین کچھ اپنی مرضی کا کرنا چاہتی ہیں تو پھر تنقید شروع ہوجاتی ہے، خود مجھے مغرور کہا گیا مگر میں نے کوئی پروا ہ نہیں کی اور آج اس مقام پر ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں مردوں کی اس دنیا میں اپنا راستہ خود بنانا ہوگا، چند روز قبل بھارت اور آسٹریلیا کا ون ڈے بارش کی نذر ہوا تو ہر کوئی اس کی بات کررہا تھا کسی نے کبھی اس طرح ویمنز اسپورٹس کے بارے میں بات نہیں کی، لوگ اکثر مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میرا بچہ کب ہوگا مگر یہ سوال میرے شوہر (شعیب ملک) سے نہیں پوچھا جاتا، ہمیں اس رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ جب سے میں منظر عام پر آئی مختلف باتیں ہوتی ہیں یہ پہنو، وہ پہنو، ٹی شرٹ کیوں پہنی، ہر کسی کو اپنا خیال پیش کرنے اور مجھے اسے نظرانداز کرنے کی آزادی حاصل ہے۔
Load Next Story