عمران خان نہیں مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آ گیا ہے جہانگیر ترین

تحریک انصاف عمران خان کی وجہ سے ہے وہ ہیں تو پی ٹی آئی ہے، جہانگیر ترین

پارلیمنٹ سپریم ہے اور قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے، جہانگیر ترین فوٹو: فائل

GUJRANWALA:
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ہے وہ مائنس نہیں ہوں گے لیکن مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی وجہ سے ہے، وہ ہیں تو پی ٹی آئی ہے، عمران خان مائنس نہیں ہوسکتے۔ مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آ گیا ہے، لندن میں نواز شریف کی تیمارداری کے لیے ان کے بیٹے موجود ہیں۔


جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ معیشت میں ہر دن کے ساتھ بہتری آرہی ہے، ملک کا بیڑاغرق کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کے والد آصف زرداری اور ن لیگ ہے، اپوزیشن کو ان کی کرپشن کے باعث رگڑا لگ رہا ہے ، جن پر کیسز ہیں وہ خود کو بچانے کے لئے باہر جا رہے ہیں، آصف زرداری سے متعلق بھی لگتا ہے کہ بیماری کے باعث بیرون ملک جا سکتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کبھی آتے ہیں ، کبھی چلے جاتے ہیں، ان کے بارے میں مجھے کچھ پتا نہیں چلتا۔

الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اور قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے، ہماری اور اپوزیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ مل کر بیٹھیں۔

اتحادیوں کے تحفظات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران سے ملاقات ہوئی ہے ان کے کوئی تحفظات نہیں، پہلے بھی اختر مینگل کے ساتھ مل کر معاملات حل کیے ہیں۔
Load Next Story