ٹھٹھہ کے مختلف شہروں کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد شروع

100 سے زائد ترقیاتی اسکیموں کی نشاندہی، رف پی سی ون تیار کرلیے گئے

عوام تمام بنیادی سہولتوں سے استفادہ کرسکیں گے، ڈویژنل کمشنر جمال مصطفی

کمشنر حیدرآباد ڈویژن جمال مصطفی سید نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی خصوصی ہدایت پر ضلع ٹھٹھہ کے شہروں گھوڑاباری، بگھان، گاڑھو، کیٹی بندر اور ور شہر سمیت ٹھٹھہ اور مکلی کو ماڈل شہر بنانے کی لیے تشکیل دیے گئے ماسٹر پلان پرعملدآمد شروع کیا گیا ہے اور سال 15-2014 کے دوران ضلع کے ان ساتوں شہروں کے عوام زندگی کی تمام بنیادی سہولتوں سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

یہ بات انھوں نے دربار ہال مکلی میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل شہروں کے ماسٹر پلان کو آج کے جدید دور کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے۔ اب تک ان 7 شہروں کے لیے 100 سے زیادہ ترقیاتی اسکیموں کی نشاندہی کرکے ان کی رف پی سی ون تیار کی گئی ہے۔




جبکہ مزید اسکیموں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی ترقیاتی اسکیموں میں روڈز، صحت، تعلیم، ڈرینیج، واٹر سپلائی، پولیس بلدیاتی اداروں، اسپورٹس، مساجد، پبلک پارک، وومن ویلفیئر سینٹروں، کمیونٹی سینٹروں، ووکیشنل سینٹروں، سوشل ویلفیئر، ٹیلیفون، گرڈ اسٹیشنوں کی نئی عمارتوں کی تعمیر اور ایمبولینس، جنریٹروں، ڈیزل مشینوں، ٹریکٹروں اور فائربرگیڈ و دیگر مشینری کی خریداری کی سینکڑوں اسکیمیں شامل ہیں۔ انھوں نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ آغا شاہنواز بابر اور سپرنٹنڈنگ انجنیئر ورکس اینڈ سروسز نظام الدین شیخ کو ہدایت کی کہ باقی اسکیموں کی جلد نشاندہی کرکے ان کی کاغذی کارروائی سمیت فزیبلیٹی اور پی سی ون رپورٹوں کو حتمی شکل دی جائے تاکہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور مشینری کی خریداری کا کام شروع کیا جا سکے۔
Load Next Story