چند منٹوں کی سخت ورزش امراضِ قلب اور کینسر سے بچائے

ایسی خواتین جو تھوڑے عرصے کے لیے سخت ورزش کرتی ہیں وہ مہلک امراض سے دور رہتی ہیں

قدرے مشقت والی ورزش اگر روزانہ چند منٹ کے لیے بھی کی جائے تو اس سے کینسر اور امراضِ قلب کو دور رکھا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

مرد اور بالخصوص خواتین اگر کچھ منٹ تک سخت ورزش (وگرس ایکسرسائز) کریں تو اس سے دل کے امراض، کینسر اور دیگر بیماریوں سے مرنے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

یہ نتائج ہیں ایسے مطالعے کے جس میں خواتین کو دل کے دباؤ کے ایک ایسے ٹیسٹ سے گزارا گیا جو قدرتے سخت ورزش کے ذریعے ہی انجام دیئے جاتے ہیں۔

کینیڈا میں یونیورسٹی آف سسکاچون میں فزیکل تھراپی کے ماہر اسکوٹی بوچر کہتی ہیں کہ ان کے مطالعے کے نتائج بالکل واضح ہیں کہ مرد اور خاص طور پر خواتین کو سوئمنگ، دوڑنےاور سائیکل چلانے جیسی ورزشیں کرنی چاہیئں جو انہیں کئی مہلک امراض سےبچاتی ہیں۔


قدرے مشقت والی ورزشوں کو ناپنے کا پیمانہ ایم ای ٹی (میٹابولک ایکویویلنٹس) کہلاتا ہے ۔ مثلاً دس منٹ میں ایک میل کی دوڑ 10 ایم ای ٹی کے برابر ہوگی اور سائیکل کو ڈھلوان پر چڑھانے کا عمل 14 ایم ای ٹی کے برابر ہوگا۔ اس طرح کوئی بھی ورزش جس کی قدر 6 ایم ای ٹی سے زائد ہو وہ مشقت والی ورزش میں شمار ہوگی ۔

ماہرین نے کہا ہے کہ اس مطالعے میں ہزاروں خواتین کو مسلسل پانچ سال تک نوٹ کیا گیا اور ان کی عمریں 50 سے 75 برس تھیں۔ سائنسدانوں کے مطابق اگر یہ ورزشیں روزانہ چند منٹوں کے لیے بھی کی جائیں تو اس کےبہت سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ یہ ورزشیں جسمانی چربی پگھلاتی ہیں اور موٹاپے سمیت ٹائپ ٹو ذیابیطس کو بھگاتی ہیں۔

اسی طرح دل کو قوت ملتی ہے اور میٹابولزم درست ہونے سے کینسر کے خطرات کم ہوتے ہیں۔ یہ تحقیق اب یورپی کانفرنس میں پیش کی جائے گی اور اس ضمن میں تحقیقی مقالہ زیرِ اشاعت ہے۔ ماہرین نے زور دے کر کہا ہے کہ مشقت والی ورزش ہر عمر کی خواتین کرسکتی ہیں اور اس ضمن میں عمر کی کوئی قید نہیں۔
Load Next Story