شاہراہ لیاقت گرلز کالج میں قائم محکمہ تعلیم کے دفاتر کی بجلی منقطع

ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز،ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجزاور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ کے دفاترمیں دفتری امور ٹھپ

ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز سندھ کے دفاترسے صوبے کے 250کے قریب سرکاری کالجوں کو کنٹرول کیاجاتا ہے۔

گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہ لیاقت میں قائم صوبائی محکمہ تعلیم کے دفاترکی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔

کالج کی اس3 منزلہ عمارت میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی، ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ اور ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے دفاترقائم ہیں جن کی بجلی کئی روزسے منقطع ہے، بجلی منقطع ہونے کے سبب ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز سندھ ، ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجز کراچی اور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ کے دفاترمیں دفتری امورٹھپ ہوگئے ہیں اور تینوں دفاترکے امور شدید متاثر ہورہے ہیں، واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز سندھ کے دفاترسے صوبے کے 250کے قریب سرکاری کالجوں کو کنٹرول کیاجاتا ہے۔




جبکہ ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی کے 130 سے زائد سرکاری کالجوں کا کنٹرول بھی اس دفترسے سنبھالتاہے، مزیدبراں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھرکے نجی پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی رجسٹریشن کے علاوہ دیگرانتظامی معاملات بھی اسی دفترسے چلائے جاتے ہیں۔

تاہم 3 منزلہ عمارت پرمشتمل تینوں دفاتر میں بجلی منقطع ہونے کے سبب سندھ بھر کے سرکاری کالجوں اورنجی اسکولوں کی انتظامی معاملات معطل ہیں، معلوم ہواہے کہ تینوں دفاترکی بجلی تکنیکی خرابی کے سبب منقطع ہوئی ہے اورجب کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کواس سلسلے میں اطلاع دی گئی توان کاکہناہے کہ پرانے بل کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب فنی خرابی درست نہیں کی جاسکتی،ڈائریکٹرکالجز کے ذرائع کے مطابق بل کی ادائیگی اقساط پر کی جارہی ہے جس سے کے ای ایس سی کادفتربھی آگاہ ہے اس کے باوجود بجلی بحالی نہیں کی جارہی۔
Load Next Story