ویمنز فٹبال اسلام آباد نے آزاد کشمیر پر گولز کی بوچھاڑ کردی

17 بار گیند کو جال میں پہنچایا، ابیہہ کی ڈبل ہیٹ ٹرک، دیا کلب نے سندھ کو ہرا دیا

بلوچستان یونائیٹڈ نے بلوچستان ایسوسی ایشن کی ٹیم کو 9-0 سے زیر کیا. فوٹو: فائل

قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں اسلام آباد نے آزاد کشمیر پر گولز کی بوچھاڑ کرتے ہوئے 17 بار گیندکو جال کی راہ دکھائی، حریف ٹیم کی ایک کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔

ابیہہ نے ڈبل ہیٹ ٹرک بنائی اور کائنات نے 5 گول کیے، نوال ظریف اور ایمان نے2,2 ، مریم انجم اور عائشہ نے ایک، ایک گول کیا۔ بلوچستان یونائیٹڈ نے بلوچستان ایسوسی ایشن کی ٹیم کو 9-0 سے زیر کیا، نینا اور ذلفیا نے2,2 جبکہ مشال، خدیجہ، شاہدہ،رفعت نے ایک، ایک بار مقابل ٹیم کے دفاع میں شگاف ڈالا۔




دیا کلب نے سندھ کو 2-0 سے شکست دی،کرن یوسف اور حاجرہ خان نے گول کیے۔ جمعے کو مزید چار میچز کھیلے جائیں گے۔ لاہور میں گروپ کے آخری لیگ میچز میں واپڈا کا مقابلہ وہاڑی یونائیٹڈ سے ہوگا، پنجاب کی ٹیم ایل ای سی کلب کیخلاف میدان میں اترے گی۔ راولپنڈی میں گروپ سی کے آخری لیگ مقابلوں میں کے پی کے کا سامنا گلگت بلتستان اور آرمی کا ینگ رائزنگ سٹار کلب سے ہوگا۔
Load Next Story