جوڈیشری کمیٹی نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دیدی

جوڈیشری کمیٹی کی منظوری کے بعد آئندہ ہفتے مواخذے کی تحریک ایوان نمائندگان میں پیش کی جائے گی

جوڈیشری کمیٹی سے منظوری کے بعد مواخذے کی تحریک ایوان نمائندگان میں پیش کی جائے گی، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
امریکا میں صدر ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی کارروائی کی سماعت کرنے والی جوڈیشری کمیٹی نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمانی جوڈیشری کمیٹی نے پے در پے سماعت کے بعد صدر ٹرمپ کے دو آرٹیکل کے تحت مواخذے کی منظوری دے دی جس کے بعد مواخذے کی قرار داد بدھ کو ایوان نمائندگان میں پیش کی جائے گی اور باضابطہ کارروائی کا آغاز ہوجائے گا۔


دوسری جانب وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں جوڈیشری کمیٹی کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو سینیٹ سے شفاف انصاف کی امید ہے جو قانون کے تقاضوں کو پورا کرے گی۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ نے جوڈیشری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سماعت میں حاضر ہونے سے انکار کردیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکی صدر کا جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ

صدر ٹرمپ پر ایک سیکیورٹی اہلکار نے الزام عائد کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی پر ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنما جو بائیڈن کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلیے دباؤ ڈالا تھا۔ اگر ایوان نمائندگان سے قرارداد منظور ہوجاتی ہے تو بل کلنٹن اور اینڈریو جانسن کے بعد صدر ٹرمپ امریکا کے تیسرے صدر ہوں گے جن کا مواخذہ کیا گیا ہو۔
Load Next Story