سینیٹ میں اپوزیشن نے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی

ایوان کو غلط اعداد و شمار بتانے پر وزیرداخلہ کی معافی سے کم کوئی بات نہیں مانیں گے، رضا ربانی کی میڈیا سے گفتگو

حکومت کی جانب سے سینیٹ کو یرغمال بنایا گیا ہے، رضا ربانی۔ فوٹو: ایکسپریس

اپوزیشن اراکین نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی جانب سے دہشت گردی میں ہونے والی شہادتوں کے غلط اعداد و شمار بتائے جانے پران کے خلاف تحریک استحاق جمع کرا دی۔

سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے جمعہ کو بھی سینیٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی جس پر 24 اراکین نے دستخط کیے، تحریک استحقاق جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن کے رکن رضا ربانی نے کہا کہ وزیرداخلہ کی جانب سے اپوزیشن اراکین کی جانب سے پوچھے گئے سوال نمبر11، 39 اور 49 میں جو جواب دیے گئے ہیں ان میں اعدادو شمار ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے، سینیٹر زاہد خان کی جانب سے پوچھے گئے پہلے سوال میں وزیر داخلہ نے خیبرپختون خوا میں 136 دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد120 بتائی لیکن اگر ہم صرف دہشت گردی کے 4 واقعات کے کو ہی دیکھیں تو خیبر پختون خوا میں 187 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی غیرپارلیمانی بات نہیں کی گئی، دنیا بھر ميں اکثر وزارتوں کی جانب سے اعداد و شمار میں غلطی ہو جاتی ہے لیکن ان غلطیوں کو درست کرنے کا ایک پارلیمانی طریقہ جس کے تحت وزیر اپنے جواب کو واپس لے لیتا ہے۔


رضا ربانی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے سینیٹ کو یرغمال بنایا گیا ہے جو کہ انتہائی غیرمناسب چیز ہے، اپوزیشن نے کسی نان ایشو کو ایشو نہیں بنایا بلکہ وزیر داخلہ کی جانب سے غلط اعداد و شمار پارلیمانی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ابھی تک طالبان سےمذاکرات، آئی ایم ایف سے معاہدہ اور جنرل پرویزمشرف جیسے معاملات بھی پارلیمنٹ میں نہیں لائی، حکومت پرویزمشرف کو محفوظ راستہ مہیا کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، مشرف اکبر بگٹی اور بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث اور قومی مجرم ہیں، انہیں ملک سے فرار ہونے نہیں دیاجائے گا۔

قبل ازیں اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ پر حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن اراکین کو منانے کی کوشش کی جو کہ ناکام رہی، اپوزیشن اراکین نے کہا کہ ایوان کو اعداد و شمار غلط بتانے پر وزیرداخلہ کی معافی سے کم کسی بھی چیز پر بات نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story