پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کے لئے بند ، پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ شیڈول بھی متاثر

دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے آمد و رفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ موٹروے پر لاہور سے حافظ آباد تک شدید دھند حدِ نگاہ 00میٹر رہ گئی جس کی وجہ سے موٹروے کے اس حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں دھند میں کمی کے بعد موٹر وے پر ٹریفک جزوی طور پر بحال کردی گئی۔ اس کے علاوہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔


اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موٹر وے پر غیرضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں ان ہدایات کا خیال رکھیں،گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اپنی رفتار کم رکھے تاکہ اچانک بریک لگانے کی صورت میں کم سے کم نقصان کا احتمال ہو، اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی وجہ سے پی آئی اے کا اندرون ملک فلائٹ شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 386 منسوخ کر دی گئی ہے، لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پرواز پی کے 652 دو گھنٹے، کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی کے 302 پانچ اور 303 پونے چار گھنٹے، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 ایک گھنٹہ 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔
Load Next Story