زیریں سندھ میں بجلی کا بدترین بحران شہریوں کے مظاہرے اور دھرنے

پانی کی بھی قلت، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں، حیسکوکیخلاف نعرے، بدین کے تاجروں نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

حیدرآباد: بجلی کا خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے کیخلاف شہریوں نے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

زیریں سندھ میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے کے خلاف شہری سڑکوں پر آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق لطیف آباد نمبر 4کے رہائشیوں نے خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے کے نتیجے میں 3 دن سے بجلی کی بندش کے خلاف بھٹائی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پتھر پھینک کر سڑک کو بلاک کر دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ مشتعل مظاہرین نے ڈنڈے اور پتھر مارکر سائن بورڈ توڑ دیے اور حیسکو کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 3 دن سے علاقے کا ٹرانسفارمر خراب ہے حیسکو عملہ ٹرانسفارمر تو اتار کر لے گیا لیکن ابھی تک دوسرا ٹرانسفارمر نہیں لگایا گیا، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور پانی کی بھی شدید قلت ہو گئی ہے۔

ادھر بدین میں بھی خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کیے جانے اور18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری اور تاجر سڑکوں پر نکل آئے۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور48 گھنٹے بعد بھی صرافہ بازار، کلاتھ بازار بوٹ بازار کا ٹراسفارمر تبدیل نہ کرنے کے خلاف تاجر برادری اور شہریوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔ مظاہرے میں شریک صرافہ بازارکے صدر شاہنواز زرگر نے بتایاکہ 5دن سے بجلی نہیں ہے جس کے باعث انکا کاروبار متاثر ہو رہا ہے، لوڈشڈنگ کا سلسلہ بند اور ٹرانسفارمرتبدیل نہ کیا گیا تو حسیکو انتظامیہ کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی۔


دوسری جانب بدین کے گائوں اللہ ڈنو سومرو، حاجی مزار چانگ، مولوی غلام علی گوپانگ ، عبداللہ خاصخیلی، حاجی فقیرمحمد سومرو سمیت10 دیہات میں 2 ماہ سے بجلی کی فراہمی بند کیے جانے کے خلاف دیہاتیوں نے قاضیہ واہ پل پر مظاہرہ کیا اور ٹائر جلاکر پُل بلاک کر دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے گائوں میں فوری بجلی فراہم کی جائے۔

علاوہ ازیںنواب شاہ کی عظیم کالونی کے سیکڑوں مکینوں نے بجلی کی بندش کے خلاف علی رضا خاصخیلی کی قیادت میں سکرنڈ روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردی، مشتعل افراد نے ٹائر بھی نذر آتش کیے۔ مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے کا ٹرانسفارمر 2 دن سے خراب ہونے کی وجہ سے بجلی بند ہے اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں، حیسکو سوسائٹی کا ایس ڈی او الطاف میرانی 50ہزار روپے رشوت طلب کررہا ہے۔

دوسری جانب پولیس شاپنگ سینٹر کے دوکانداروں نے زاہد اعوان کی قیادت میں ایس ڈی او حیسکو الطاف میرانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بچھیری روڈ پر ٹائر نذر آتش کرکے ٹریفک معطل کر دی۔ دوکانداروں نے بتایا کہ حیسکو والے ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے ہیں جس کی وجہ سے 8 گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بدعنوان ایس ڈی او حیسکو الطاف میرانی کو معطل کیا جائے، دیگر صورت میں تاجر بھرپور احتجاج کرینگے۔
Load Next Story