بھارت میں پرتشدد مظاہرے نئی دلی میں پاکستانی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

نئی دہلی میں پاکستانی زائرین کی سیکیورٹی میں اضافہ

پاکستانی زائرین محفوظ ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن فوٹو: فائل

بھارت میں شہریت کے متنازع بل کے خلاف ہورہے ہنگاموں اورجلاؤ گھیراؤمیں شدت آتی جارہی ہے جس کی وجہ سے بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں اور حضرت نظام الدین اولیا ؒ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے جانے والے زائرین کو محتاط رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

برصغیر پاک و ہند کے معروف روحانی بزرگ حضرت نظام الدین اولیا ؒ کے عرس میں شرکت کے لئے پاکستانی زائرین کا 51 رکنی گروپ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہے۔ پاکستانی زائرین نے 2 روز قبل حضرت نظام الدین اولیا ؒ کے عرس کی مرکزی تقریب میں شرکت کی تھی۔ پاکستانی وفد 19 دسمبر کو وطن واپس پہنچے گا تاہم اس وقت بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واقع سینٹرل یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھارتی پولیس کے حملے، طلبا کی گرفتاری اورتوڑپھوڑکے بعد سے حالات خاصے کشیدہ ہیں۔




نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع کے مطابق پاکستانی زائرین محفوظ ہیں اورانہیں ان ہنگاموں سے کوئی خطرہ نہیں ہے،تاہم ذرائع کے کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین کویہ ہدایات ضروردی گئی ہیں کہ وہ بلاوجہ اپنے ہوٹلوں سے باہر نکلنے اور سیر و تفریح سے گریزکریں۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بھارتی پولیس نے پاکستانی زائرین کی سیکیورٹی بڑھادی ہے اورانہیں ہوٹل سے غیرضروری طور پر باہر نہ جانے کی استدعاکی گئی ہے۔

پاکستانی زائرین نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات سے ان کے ہوٹل کے باہر سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے تاہم ان کے کہیں آنے جانے پر پابندی نہیں لگائی گئی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام زائرین سے رابطے میں ہیں۔ زائرین نے بتایا کہ انہوں نے آج چاندنی چوک مارکیٹ کا دورہ کیا اوروہاں سے خریداری بھی کی ہے۔
Load Next Story