حیدرآباد میں صفائی کی ابتر صورتحال پر دھامرہ کا اظہار تشویش

پی پی کی ساکھ خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، معاملہ سینیٹ میں اٹھائونگا،سینیٹر.

پی پی کی ساکھ خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، معاملہ سینیٹ میں اٹھائونگا،سینیٹر۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے صدر سینیٹر عاجز دھامرہ نے ڈویژنل صدر حیدرآباد احسان ابڑو، سید اکرم شاہ و دیگر کارکنان کے ہمراہ قاسم آباد و حیدرآباد کے مختلف علاقوںکا دورہ کیا۔

شہر میں جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر اور قاسم آباد میں ڈرینیج منصوبے کو 3 سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہارکیا اور اس مسئلے کے حل کے لیے پی پی کی قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے بلدیاتی نمائندوں کو کروڑوں روپے فنڈز فراہم کیے لیکن اس کے باوجود حیدرآباد اور قاسم آباد میں حالات بہت دگرگوں ہیں۔


اس کے برعکس لطیف آباد میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر بلدیاتی افسران کی تقرریاں مسائل کو ختم کرنے کے بجائے اضافے کا سبب ثابت ہو رہی ہیں، حیدرآباد اور قاسم آباد کو درپیش مسائل اور بلدیاتی فنڈز میں کرپشن کا معاملہ سینیٹ کے اجلاس میں اٹھاؤں گا۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت نے بھی حالات خراب کیے، سیاسی بنیادوں پر تعینات کرپٹ بلدیاتی افسران پیپلز پارٹی کی عوامی ساکھ کو خراب کرنے کے لیے گھنائونی سازش کے تحت حیدرآباد شہر و قاسم آباد میں صفائی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بعض بلدیاتی افسران نے عاجز دھامرہ کو مختلف سیاسی اجتماعات کے خرچے بھرنے، صفائی مہم کے دوران خرچے دکھا کر اپنی جیبیں بھرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کچھ اہم سیاسی لوگوں کے ذاتی خرچے اٹھانے کے بارے میں بھی بتایا۔ سینیٹر عاجز دھامرہ نے تمام مسائل وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کے نوٹس میں لانے اور جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story