تیسرا ون ڈے پاکستان فاتح الیون برقرار رکھے وسیم

آسٹریلوی ٹیم سعید اجمل کی بولنگ کو سمجھ نہیں سکتی، وسیم اکرم

فٹ ہوجانے پرآفریدی کو کھلانا چاہیے، کینگروز کیلیے سعید بدستور خطرہ ہیں ، سابق کپتان وسیم اکرم۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

سابق کپتان وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں دوسرے ون ڈے کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ٹیم جیت رہی ہو تو اسے برقرار رکھا جاتا ہے۔

تاہم اگر میں کپتان ہوتا تو شاہد آفریدی کو ضرور شامل کرتا، سابق فاسٹ بولر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جیتنے والی ٹیم کو مخالف ٹیم کی خامیوں کا پتہ چل جاتا ہے چنانچہ تیسرے ون ڈے میں فاتح الیون کو برقرار رکھنا چاہیے۔ اس سوال پر کہ آفریدی اگر فٹ ہوگئے تو انھیں شامل کیا جائے یا نہیں، انھوں نے کہا کہ میں اگر کپتان ہوتا تو آفریدی کو ٹیم میں شامل کرتا کیونکہ وہ وکٹیں لے رہے ہیں تاہم بیٹنگ میں جدوجہد کررہے ہیں۔ میرے خیال میں ناصرجمشید کے ساتھ کامران اکمل سے اوپن کرانا چاہیے جبکہ محمد حفیظ کو نمبر 3 پر بیٹنگ کے لیے بھیجا جائے۔


وسیم اکرم نے کہا کہ ناصر جمشید میچ وننگ بیٹسمین ہے جو آخر تک میچ کو لے جاتا ہے، اس میں یہ خامی نہیں کہ ففٹی بنانے کے بعد آئوٹ ہوکر واپس آجائے،کامران اکمل اوپن کرتے رہے ہیں چنانچہ وہ ناصر جمشید کے ساتھ اچھی اوپننگ پارٹنر شپ بناسکتے ہیں۔جب ٹیم جیتی ہے تو خامیوں کو نظر انداز کردیا جاتا ہے ، پاکستان کوفیلڈنگ بہتر بنانی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ شارجہ میں صورتحال ابوظبی سے مختلف ہوگی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو مشکل صورتحال کا سامنا ہوگا۔

ایک سوال پر سابق سوئنگ ماسٹر نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم سعید اجمل کی بولنگ کو سمجھ نہیں سکتی، ون ڈے سیریز میں آف اسپنر کی بولنگ گرین شرٹس کو فیورٹ بنارہی ہے،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس بات کا بڑا ایڈوانٹیچ ہے کہ آسٹریلین کو ابھی تک سمجھ نہیں آرہا کہ وہ سعید اجمل کی بولنگ کا سامنا کیسے کریں، انھوں نے مزید کہا کہ وہ سعید کی آف بریک ' دوسرا ' کو سمجھ نہیں پارہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی آف اسپنر نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے اب تک کھیلے گئے دو میچز میں 7وکٹیں اپنے نام کرلی ہیں۔
Load Next Story