پاکستان نے آسٹریلیا پر فیصلہ کن ضرب لگانے کی تیاری کرلی

فیصلہ کن جنگ کیلیے کمر کس لیں، مائیک ہسی کا ساتھی پلیئرز کو انتباہ

شارجہ : پاکستانی کپتان محمد حفیظ اپنے آسٹریلوی ہم منصب جورج بیلی کے ہمراہ ٹوئنٹی 20 سیریز کی ٹرافی تھامے ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ پیر کی شب شارجہ میں کھیلا جائیگا۔

دونوں ممالک کے ایک ایک میچز جیتنے پر سیریز فی الحال برابر ہے، تاہم پاکستان اسپنرز کے ذریعے کینگروز پر فیصلہ کن ضرب لگانے کی تیاری کررہا ہے،شاہد آفریدی کے فٹ ہوجانے کے بعد پاکستانی بولنگ اٹیک میں تینوں ورلڈ کلاس اسپنرز سعیداجمل اور حفیظ شامل ہوں گے، پاکستانی کپتان مصباح الحق نے تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا عندیہ دیا تاہم وہ حتمی فیصلہ وکٹ کی صورتحال کو دیکھ کر کریںگے ۔

دوسری جانب شارجہ میں سیریز کے ابتدائی ون ڈے میں 5 وکٹیں لینے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی پیر کے میچ میں شرکت مشکوک ہے، ان کی جگہ الیسٹر میک ڈرمٹ یلو جرسی زیب تن کرسکتے ہیں، آسٹریلوی بیٹسمین مائیکل ہسی نے ساتھی کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ابوظبی کے دوسرے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں ملنے والی 7وکٹ کی شکست کو فراموش کرکے مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اتریں، انھیں اندازہ ہے کہ گرین شرٹس کیخلاف فیصلہ کن معرکے میں کامیابی کیلیے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی، تاہم ان کے بھائی ڈیوڈ ہسی بدستور سعید اجمل کے سحر میں جکڑے ہوئے ہیں، ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی آف اسپنر کیخلاف ہمیں جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، اسے سمجھنا آسان نہیں ہے بلکہ ان کی 'دوسرا ' کا سامنا کرنا بہت مشکل ہے۔ انھوں نے کہا کہ شارجہ کا گرائونڈ ابوظبی سے بالکل مختلف ہوگا جس میں ٹاس کی زیادہ اہمیت نہیں ہوگی۔


تفصیلات کے مطابق پاکستانی ون ڈے کپتان مصباح الحق آسٹریلیا کیخلاف سیریز جیتنے کیلیے پراعتماد ہیں، شاہد آفریدی کے فٹ ہوجانے کے بعد انھوں نے ایک مرتبہ تینوں اسپنرز کے ساتھ کینگروزپر حملہ آور ہونے کاعندیہ دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم یہ فیصلہ وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کرسکتے ہیں مگر اس کے ساتھ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگاکہ دوسری اننگز میں بولنگ کی وجہ سے اوس کے باعث اسپنرز کو مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ہم کوئی بھی فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں گے، انھوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو معلوم نہیں تھا کہ فیلڈ میں کیا ہونا ہے، ایک روز قبل ابوظبی میں رات کو اتنی اوس نہیں پڑی، نہ ہی شارجہ میں ایسا ہوا مگر گذشتہ روز کے میچ میں اوس نے اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم اپنے اسٹار پرفارمر فاسٹ بولر مچل اسٹارک سے شارجہ میں محروم ہوگی،دوسرے میچ میں سینے کی تکلیف سے دوچار اسٹارک کی جگہ الیسٹر میک ڈرمٹ کو ڈیبیو کا موقع دیتے ہوئے میدان میں اتارا جاسکتا ہے، آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ سیریز جیتنے کیلیے ٹاپ آرڈر کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا، شارجہ میں پہلا میچ جیتنے کی وجہ سے اب وہاں پر آخری مقابلے میں بھی ہمارے حوصلے کافی بلند ہوںگے۔

علاوہ ازیں آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی نے ایک انٹرویو میں ساتھی کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف فیصلہ کن جنگ کیلیے کمر کس لیں،ان کا کہنا ہے میرے ساتھی کھلاڑیوں کو مثبت سوچ رکھتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے ہاتھوں ملنے والی بڑی شکست کو پیچھے چھوڑ دینا چاہیے اور تمام چیزیں کو بھول کر پیر کی شب شارجہ میں فیصلہ کن ون ڈے کے لیے نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاریاں کرنی چاہئیں۔مائیکل ہسی نے کہا کہ ہمیں اس ناکامی کو ذہن پر طاری کرنے کی بجائے مثبت ذہن کے ساتھ تیسرے میچ میں بڑی جدوجہد کے لیے تیار ہوجانا چاہیے، ہسی کا کہنا ہے کہ وہ یواے ای کی جیسی کنڈیشنز کا سامنا آئی پی ایل میچز میں چنئی میں کھیلتے ہوئے بھی کرچکے ہیں، جہاں پر بیٹسمین پسینے میں شرابور ہوجاتے ہیں۔

ان کے بھائی ڈیوڈ ہسی بدستور پاکستانی اسپنر سعید اجمل کے سحر میں گرفتار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کو کھیلنا آسان کام نہیں، ان کا ' دوسرا ' ہتھیار سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ گرمی کی وجہ سے ہمارے لیے وکٹ پر ٹھہرنا بھی دشوار بنا ہوا ہے، ڈیوڈ نے مزید کہا کہ سعید اجمل کیخلاف ہمیں جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، وہ دنیا کا نمبرون بولر ہے، جسے سمجھنا آسان نہیں ہے، ان کی ٹیم سعید کی ویڈیوز کا بغور جائزہ لے رہی ہے، مگر سعید کی بولنگ 'دوسرا ' کا سامنا کرنا بہت مشکل ہے، انھوں نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے بیٹسمین کو رنز لینے میں بہت دشواری ہوتی ہے، کیونکہ آسٹریلین گرمی کے عادی نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ شارجہ کا گرائونڈ ابوظبی سے بالکل مختلف ہوگا جس میں ٹاس کی زیادہ اہمیت نہیں ہوگی۔
Load Next Story