بھارتی فلم نگری پر راج کرنے والے شاہ رخ خان 48 برس کے ہوگئے

شاہ رخ خان 2 نومبر 1965 میں بھارتی دارالحکومت دہلی میں پیدا ہوئے

شاہ رخ خان نے85 سے زائد فلمیں اپنی بے مثال اداکاری سے یادگار بنادیں۔ فوٹو؛فائل

دو دہائیوں سے بالی وڈ فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے شاہ رخ خان 48 برس کے ہوگئے۔



2 نومبر 1965 میں بھارتی دارالحکومت دہلی میں پیدا ہونے والے شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم دیوانہ سے بالی ووڈ میں انٹری دی تو ہر طرف ہلچل مچ گئی۔ شاہ رخ خان کے کیریئر کی یہ پہلی فلم تھی جس کے بعد قسمت کی دیوی ان پر اس طرح مہربان ہوئی کہ انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ڈر اور بازی گر جیسی سسپنس سے بھرپور موویز ہوں یا دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور دل تو پاگل ہے جیسی رومانی فلمیں۔ شاہ رخ خان ہر کردار میں نگینے کی طرح فٹ نظر آئے۔ وقت کے ساتھ ساتھ شہرت کی بلندیوں پر کنگ خان کا سفر جاری رہا۔


ان کی ہٹ فلموں کے نام گنوانے بیٹھیں تو فیصلہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ کون سی فلم کس فلم سے بہتر ہے۔ رام جانے، کچھ کچھ ہوتا ہے، کوئلہ، دل سے، محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم ، دیو داس ، کل ہونا ہو، ویر زارا ، پہیلی ، کبھی الوداع نہ کہنا ، ڈان، اشوکا، اوم شانتی اوم، مائی نیم از خان، جب تک ہے جان اور چنئی ایکسپریس سمیت 85 سے زائد فلمیں شاہ رخ خان نے اپنی بے مثال اداکاری سے یادگار بنادیں۔


جنونی عاشق ہو یا رومانوی ہیرو، فوج کا میجر ہو یا ہاکی کا کوچ، سڑک چھاپ غنڈہ ہو یا نفسیاتی مریض، شاہ رخ خان ہر کردار میں اسی طرح ڈھل گئے کہ اداکاری اور حقیقت میں فرق کرنا مشکل ہوگیا۔ یہی وجہ ہے دو دہائیاں گزرنے کے بعد آج بھی پرستار ان کی فلموں کا بیتابی سے انتظار کرتے ہیں۔

Load Next Story