پشاور ہائی کورٹ کے باہر بم دھماکا کرنیوالا افغان دہشت گرد گرفتار

دہشت گرد اکرام اللہ چمن سے پاکستان داخل ہوا اور اس کا ہدف پشاور ہائی کورٹ تھا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

اکرام اللہ کو افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیم نے دھماکا کرنے کے لئے بھیجا تھا، ڈی آئی جی۔ فوٹو:ایکسپریس

ہائی کورٹ کے باہر بم دھماکا کرنے والے افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق 2 روز قبل پشاور ہائی کورٹ کے باہر ایک رکشے میں دھماکا ہوا اور حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے باہر بم دھماکے کا مرکزی دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی طاہر ایوب کے مطابق دہشت گرد اکرام اللہ کا تعلق افغانستان سے ہے جو چمن کے راستے پاکستان داخل ہوا، دہشت گرد 12 دسمبر کو پشاور آیا اور حاجی کیمپ اڈے کے قریب ہوٹل میں قیام کیا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کے باہر دھماکے میں 11 افراد زخمی

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد اکرام اللہ کو افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیم نے پشاور میں دھماکا کرنے کے لئے بھیجا تھا اور اس کا ہدف پشاور ہائی کورٹ تھا، دہشت گرد دھماکا کرنے کے لئے وکیل کے حلیے میں آیا اور رکشے میں رکھے دھماکا خیزمواد کو اڑا دیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 
Load Next Story