کیویز کیخلاف کلین سوئپ کرنے کیلیے پراعتماد ہیں کوہلی

میزبان بیٹسمین ویرت کوہلی کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ جتنا بھی ہوہم کلین سوئپ کرنے کیلیے پراعتماد ہیں

کیوی کوچ باب کارٹر فاسٹ بولرز کے بل بوتے پر میدان مارنے کے لیے تیار۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں نے ہی بنگلورمیں فتح کا جھنڈا بلند کرنے کیلیے بے چین ہیں۔

میزبان بیٹسمین ویرت کوہلی کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ جتنا بھی ہوہم کلین سوئپ کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، کیوی کوچ باب کارٹر نے کہا کہ فاسٹ بولرز کے بل پر ہم میدان مارلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلور ٹیسٹ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، نیوزی لینڈ نے تیسرے دن کے اختتام پر دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 232 رنز بنانے کے ساتھ 244 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے تاہم بھارت کے لیے ٹارگٹ حاصل کرنے کیلیے تقریباً دو دن موجود ہوںگے اس لیے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا مگر دونوں سائیڈ سے کامیابی کے دعوے کیے جارہے ہیں۔


ویرت کوہلی کا کہنا ہے کہ جب آپ کے پاس کھیلنے کیلیے بہت سا وقت ہو تب آپ ٹارگٹ کے بارے میں کچھ نہیں سوچتے بلکہ صرف اپنا نارمل کھیل پیش کرنے پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں آپ دیکھیں کہ ہمارے پاس کھیلنے کیلیے 4 سے 5 سیشن موجود ہوں گے یہی چیز ہماری پوزیشن بہتر بناتی ہے۔ تیسرے روز مارننگ سیشن میں کیوی پیسرز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پوری بھارتی ٹیم کو 352 پر آئوٹ کیا مگر کوہلی سمجھتے ہیں کہ وکٹ سے پیسرز کو زیادہ معاونت نہیں ملے گی، انھوں نے کہا کہ اگر ہم نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ جلد حاصل کرلیتے ہیں اور پھر عمدگی سے آغاز کرتے ہیں تو ہماری پوزیشن بہتر ہوتی جائے گی۔

اپنی پرفارمنس کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میں اپنی دوسری سنچری پر بھی پہلی تھری فیگر اننگز جتنا ہی خوش ہوں جوکہ میں نے آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں بنائی تھی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بولنگ کوچ باب کارٹرکا کہنا ہے کہ ہمارے فاسٹ بولرز یہ میچ ہمیں جتوا سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ جب تک ہم میدان میں اتر نہ جائیں کچھ کہنا مشکل ہے ہمارے پاس تین نوجوان بولرز موجود جوکہ بھارتی ٹیم کو آئوٹ کرنے کیلیے بے چین ہیں، بھارتی بیٹنگ لائن کافی مضبوط ہے مگر ہمارے بولرز اس قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے تیار ہیں۔
Load Next Story